صحیح مسلم
50. کتاب: ذکر الٰہی،دعا،توبہ اور استغفار
14. باب: دعائیں اور اللہ کی پناہ میں آنا
صحيح مسلم
50. كتاب الذكر والدعاء والتوبة والاستغفار
14. (بَابُ الدَّعَوَات وَالتَّعَوُّذِ)
Muslim
50. The Book Pertaining to the Remembrance of Allah, Supplication, Repentance and Seeking Forgiveness
14. Chapter: Supplications And Seeking Refuge With Allah
Muslim:
The Book Pertaining to the Remembrance of Allah, Supplication, Repentance and Seeking Forgiveness
(Chapter: Supplications And Seeking Refuge With Allah)
مترجم: ١. الشيخ محمد يحيىٰ سلطان محمود جلالبوري (دار السّلام)
ترجمۃ الباب:
7054.
ابومعاویہ اور وکیع نے ہمیں ہشام سے اسی سند کے ساتھ حدیث بیان کی۔
یہ انسان کےلیے بہت بڑی خوش قسمتی کی بات ہے کہ وہ اللہ پر سچا ایمان رکھتا ہو اس کی صفات حسنہ کو پہچانتاہو، اس کی نعمتوں ،مہربانیوں اور اس کے لیے پایاں فضل وکرم کا احساس رکھتا ہو اور پورے عجزاورمحبت سے اس کو یاد کرتا ہو۔ اللہ نے انسان کو اس طرح بنایا کہ وہ ہرلمحہ اللہ کی مہربانیوں کامحتاج ہوتاہے ۔ اگر اس کا دل مردہ نہیں ہوا تو وہ بے اختیار اس کو یاد کرتا ہے ۔ یہ یاد اسے دل کامکمل اطمینان ،احساس تحفظ ،سچی خوشی اور بے حساب لذت وحلاوت عطا کرتی ہے ۔ اللہ کا بندہ اسے یاد کرے تو وہ اس سے بڑھ کر خوش ہوتاہے۔ بندہ اس کی یاد کےذریعے سےاس کے قریب آئے تووہ بندے سےبڑھ کر اس کےقریب آتاہے ۔
اللہ کے ننانوے خوبصورت نام ہیں۔ بندہ جس نام سے چاہے اللہ کو یاد کرسکتا ہے پکارسکتاہے ،دعا کرسکتاہے ، بندے کی زندگی کا کوئی پہلو اور اس کوئی ضرورت ایسی نہیں جس کےلیے وہ اللہ کو پکارنا چاہے اوراس کی ضرورت کےمطابق اسے مناسب ترین نام نہ ملے۔ بیماریوں کےلیے وہ شافی ہے ،بھوکوں ننگوں کےلیے وہ رزاق ہے، گناہ گاروں کےلیے وہ غفار وغفور ہے ،محروموں کےلیے وہ ہے کمزوروں کےلیے وہ قومی ہے ،دھتکار ے ہوؤں کےلیے وہ دود ہے ،رحیم ہے وعلی ہذاالقیاس ۔ اسےپسند ہے کہ اس کابندہ اصرار کرکےاس سے مانگے ،پورے یقین کے ساتھ کہ اسے مل کر رہے گا ۔ اسے سخت ناپسند ہے کہ کوئی اس سےمایوس ہو۔ جس کےلیے زندگی ناقابل برداشت ہوجائے اورووہ موت مانگنے لگے تو اس بات کو اللہ کی رحمت سے وابستہ کرے۔ جو موت کے وقت اللہ سےملاقات کامتمنی ہو اللہ بھی اس سےملاقات کو پسند فرماتاہے ، وہ بندے کےاچھے گمان کو بھی رد نہیں کرنا چاہتا ۔ گناہوں پر پشیمانی ہوتو بھی دنیامیں سزاپانے کےبجائے دنیا اورآخرت دونوں میں اس سےاچھائی اوراس کی رحمت مانگنے کاحکم دیاگیاہے۔
اللہ وتنہائی میں بھی یاد کرنا چاہیے اور دوسرے مومنوں کے ساتھ مل کر بھی ۔تنہائی میں زیادہ یاد کرنے والے بازی لے جاتے ہیں۔ صبح وشام سوتے جاگتے ،دن کی مصروفیتوں اور رات کی تنہائیوں میں اسے یاد کرنے والا عظیم ترین انعام کاحق دار ہے جوقرب الہیٰ ہے ،لیکن حضرت ابوہریرہ روایت کرتےہیں کہ جب قرآن پڑھنا پڑھانا ہو، اللہ کے احسان یاد کرنے، سننے اور بیان کرتے ہوں اورمزید مانگنے ہوں تو اس کی یاد مجلسیں مناسب ہیں ،اللہ ان مجلسوں پر سکنیت نازل فرماتاہے ،شریک ہونےوالوں کو اپنی رحمت سے ڈھانپ دیتا ہے فرشتے ان کےاردگرد گھیرا باندھ لیتے ہیں (حدیث :6853)اللہ ان یاد کرنے والوں کو ان کی مجلس سےبہت اونچی مجلس میں یاد کرتا ہے ۔ (حدیث:6855،6839)جوتنہائی میں بیٹھ کر اس کی یاد میں مستغرق ہوجاتا ہے اللہ اسے اپنے دل میں یاد کرتا ہے ۔(حدیث:6805)یاد رہے کہ ذکر کے حوالے سے اوپر بیان کی جانے والی ساری روایت حضرت ابوہریرہ نےروایت کی ہیں۔ ان میں تنہااورمل کر دونوں طرح سے اللہ کی یاد کی تفصیلات موجود ہیں۔ ان میں کہیں بھی کوئی ایسا طریقہ مذکور نہیں جو آج کل کےاصحاب طریقت نے ایجاد کر رکھے ہیں۔ یہ طریقے اپنے اپنے ایجاد کرنےوالوں ہی کےنام سےموسوم ہیں۔ طریقہ شاذلیہ،طریقہ نقشبندیہ ،طریقہ قادریہ وغیرہ ، یہ طریقے اچھی نیت سےتربیت کے حوالے سے اپنے اپنے تجربوں کی روشنی میں شروع کیے گئے ہوں گے لیکن یہ سب طریقے آپس میں ایک دوسرے سےبھی مختلف ہیں اورطریقہ نبویﷺ سےبھی مختلف ہیں۔
طریقہ نبویہ کےمطابق اولین اورناگزیرطریقہ ذکر نماز ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے واضح فرمایا ہے (وَأَقِمِ الصَّلَاةَ لِذِكْرِي)’’میرےذکر کےلی نماز قائم کرو۔‘‘(طہٰ 14:20)اللہ نے خود رسالت مآب ﷺ کو مخاطب کرکےفرمایا(أَقِمِ الصَّلَاةَ لِدُلُوكِ الشَّمْسِ إِلَى غَسَقِ اللَّيْلِ وَقُرْآنَ الْفَجْرِ إِنَّ قُرْآنَ الْفَجْرِ كَانَ مَشْهُودًا وَمِنَ اللَّيْلِ فَتَهَجَّدْ بِهِ نَافِلَةً لَكَ عَسَى أَنْ يَبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَامًا مَحْمُودًا)’’نماز قائم کر سورج ڈھلنے سےرات کے اندھیرے تک اور فجر کاقرآن (پڑھ) بلاشبہ فجر کا قرآن ہمیشہ سےحاضر ہونے کا وقت رہا ہے اور رات کے کچھ حصے میں، پھر اس کے ساتھ بیدار رہ ، اس حال میں کہ تیرے لیے اضافی ہے قریب ہے کہ تیرا رب تجھے مقام محمود پر فائز کرےگا۔‘‘(بنی اسرائیل78،79:17)ابتدائی دورمیں رات کی نماز کاخصوصی اہتما تھا آپﷺ کو حکم تھا (يَا أَيُّهَا الْمُزَّمِّلُ قُمِ اللَّيْلَ إِلَّا قَلِيلًا نِصْفَهُ أَوِ انْقُصْ مِنْهُ قَلِيلًاأَوْ زِدْ عَلَيْهِ وَرَتِّلِ الْقُرْآنَ تَرْتِيلًا)’’اے کپڑے میں لپٹنے والے رات کو قیام کر مگرتھوڑا۔ آدھی رات (قیام کر) یا اس سےتھوڑا کم کر لے یا اس سےزیادہ کر لے اور قرآن کو خوب ٹھہر ٹھہر کر پڑھ ۔‘‘(المزمل73: 1۔4)گویا آپ کو آدھی رات یا اس سےکم یازیادہ قیام کا حکم تھا جس میں آپ کو ترتیل سےقرآن پڑھنا تھا ۔ قرآن خصوصا جب نماز میں توجہ سےپڑھا جائے تو سب سےاعلیٰ اورسب سے مکمل ذکر ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اس کو ’’الذکر‘‘کہا ہے ۔‘‘( إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ)’’بلاشبہ ہم ہی نے یہ ذکر نازل کیاہے اور بلاشبہ ہم ضرور اس کی حفاظت کرنے والے ہیں(الحجر7:15)اس سے اللہ کی یاد، اس کی عبادت اورانسان کی تربیت کے تمام تقاضوں کی تکمیل ہوتی ہے ۔ رسو ل اللہ ﷺ کو اللہ کی طرف جو مشن عطا ہوا،رات کے قیام کو اس کی تکمیل کی پوری تیاری اور اللہ کےپیغام کو انسانی قلوب واذہان تک پہنچانے کاکامیاب ذریعہ قرار دیاگیا (إِنَّ نَاشِئَةَ اللَّيْلِ هِيَ أَشَدُّ وَطْئًا وَأَقْوَمُ قِيلًا) ’’بلاشبہ رات کو اٹھنا (نفس کو )کچلنے میں زیادہ سخت اور بات کرنے میں زیادہ درستی والا ہے ۔‘‘(المزمل 6:73)
رسول اللہﷺ نےنماز کے اذکار صبح وشام کے اذکار سونے جاگنے کے اذکار کھانے پینے کے اذکار ،غرض بہ مرحلے اورہرکام کےوقت کے اذکار سکھائے اورمسلمان کی پوری زندگی کو ذکر الہیٰ سےوابستہ کردیا۔ یہ طریقہ نبویہ ہے جوپوری انسانی زندگی کومنور کردیتاہے ۔ آپﷺ کے بتائے ہوئے اذکار اور دعائیں ایسی ہیں کہ ان سےبہتر دعاؤں کاتصور تک نہیں کیا جاسکتا۔ آج کل کےاصحاب طریقت میں ان چیزوں کاکوئی خص اہتمام نظر نہیں آتا ۔ قرآن مجید کازیادہ سےزیادہ حصہ یاد کرنے اس کو اچھی طرح سمجھنے اور رات کاقیام کرکے اس میں توجہ اورترتیل کے ساتھ پڑھنے کی تلقین طریقت کاحصہ نظر نہیں آتا ۔ رسول اللہﷺ کےاذکار اورآپ کی تلقین کردہ دعائیں یاد کرنے اوران کے مفہوم کو ذہن نشین کرانے کابھی کوئی اہتمام نہیں۔ مرشدین طریقت خود بھی رسول اللہ ﷺ کےمعمولات کے اتباع حتی کہ آپ کے سکھائے اذکار اوردعاؤں سےبے بہرہ نظر آتے ہیں۔ تزکیہ قلب کے لیے قرآن نے جو طریقہ بتایا ہے وہ فرض زکاۃ اورکثرت سےصدقات کےذریعے سےمال خرچ کرنا ہے تاکہ دل سےمال کی محبت ختم ہو جائے اللہ کافرمان ہے (خُذْ مِنْ أَمْوَالِهِمْ صَدَقَةً تُطَهِّرُهُمْ وَتُزَكِّيهِمْ) ’’ان کے مالوں سے صدقہ لیں اس کے ساتھ آپ انہیں پاک کریں گے اورانہیں صاف کریں گے ۔‘‘(التوبہ 103:9) اور ایک مثالی مومن کا تعارف کرواتے ہوئے کہا گیا(الَّذِي يُؤْتِي مَالَهُ يَتَزَكَّى) ’’وہ جو اپنا مال (اس لیے )دیتا ہے کہ پاک ہوجائے ۔‘‘(اللیل 18:92) لیکن آج کل کے زیادہ تر اصحاب طریقت تزکیہ حاصل کرنے بجائے الٹا فتوحات کی صورت میں لوگوں کے مال کامیل کچیل اکٹھا کرنے میں لگے ہوئے نظرآتےہیں ۔
امام مسلم نے اپنی صحیح کےاس حصے میں صحیح احادیث کےذریعے سےطریقہ نبویہ کےخدوخال واضح کیےہیں۔ اس میں اذکار ہیں ان کےفضائل ہیں ، دعائیں ہیں اورا ن کے آداب ہیں۔
ابومعاویہ اور وکیع نے ہمیں ہشام سے اسی سند کے ساتھ حدیث بیان کی۔
حدیث حاشیہ:
ترجمۃ الباب:
حدیث ترجمہ:
یہی روایت امام صاحب کو ایک اور استاد سے بیان کرتے ہیں۔
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث
فتنة النار: آگ کی مصیبت اور اس کی آزمائش۔ فتنة القبر سے مراد بھی، قبر کی تکالیف ہیں، جو کم درجہ کے مجرمین کے لیے ہیں اور عذاب قبر اور عذاب نار سے مراد، وہ عذاب اور دکھ، درد ہے، جو اول درجہ کے مجرموں یعنی کافروں اور مشرکوں کو ہو گا، جس کی طرف سورۃ ملک میں اشارہ کیا گیا ہے: ﴿كُلَّمَا أُلْقِيَ فِيهَا فَوْجٌ سَأَلَهُمْ خَزَنَتُهَا أَلَمْ يَأْتِكُمْ نَذِيرٌ ﴾ مقصد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ سے ہر قسم کے دکھ، درد اور تکلیف سے پناہ مانگنی چاہیے کہ وہ ہر قسم کے گناہوں، شرک و کفر اور چھوٹے بڑے گناہوں سے محفوظ رکھے، اگر سرزد ہو جائیں تو توبہ و استغفار کی توفیق بخشے، فتنة الغني اور فتنة الفقر، دولت مندی اور فقر و محتاجی کے فتنہ سے پناہ مانگنے کا مطلب یہ ہے کہ دولت مندی اور خوش حالی عنایت فرمائے تو اس کے سبب فخر و غرور اور تکبر و گھمنڈ پیدا نہ ہو اور مال و دولت کے صحیح استعمال کی توفیق ملے، جیسا کہ مالدار صحابہ عثمان اور عبدالرحمٰن بن عوف وغیرہما کو ملی اور اس کے سبب انہوں نے بلند درجات حاصل کیے اور اگر فقر و فاقہ میں مبتلا کرے تو صبر و قناعت عنایت فرمائے، صبر و قناعت سے محروم نہ رکھے، غنا اور فقر کے یہی شر ہیں، جس سے پناہ مطلوب ہے، غناء کی صورت میں اسراف و تبذیر کا بھی خطرہ ہے اور مال و دولت کے حقوق کی ادائیگی سے بخل و کنجوسی کا بھی، نیز حلال و حرام کے امتیاز کے نظر انداز کر دینے کا بھی اور فقر کی صورت میں بے صبری کے ساتھ، جزع و فزع اور ناجائز ذرائع سے مال کمانے کا خطرہ ہے اور مسیح دجال کا فتنہ اور آزمائش بھی بہت بڑی ہے، جس سے قیامت کے قریب کے لوگوں کو گزرنا ہو گا، اس طرح آپ نے گناہوں کے اثرات دھونے اور دل کے پاک صاف کرنے اور گناہوں سے بہت دور رکھے جانے کی دعا کی تلقین کی ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کی توفیق و عنایت کے بغیر گناہوں سے بچنا ممکن نہیں ہے اور نہ اس کے بغیر کوئی اور ان کے اثرات کو دور کر سکتا ہے، گناہوں کی سوزش و حرارت کی بنا پر ٹھنڈا پانی استعمال کرنے کی دعا مانگی ہے، کسل و سستی کی بنا پر انسان اپنے دنیوی اور دینی فرائض کی سرانجام دہی میں کوتاہی کا مرتکب ہوتا ہے، معاش اور معاد دونوں ہی متاثر ہوتے ہیں، مغرم، قرضہ بھی حساس اور صاحب شعور انسان کے لیے زندگی کے لطف سے محرومی اور ذہنی اذیت کا باعث بنتا ہے، جس سے اس کی قوت کار متاثر ہوتی ہے اور وہ دنیا کی سعادتوں اور آخرت کی بہت سی کامرانیوں سے محروم ہو جاتا ہے۔ مأثم، گناہ، کی صورت میں بھی صاحب ضمیر انسان بے قراری اور اضطراب میں مبتلا ہو جاتا ہے اور ہرم انتہائی بڑھاپا بھی انسان کو بالکل ہی اذکار رفتہ کرتا ہے اور دوسروں کا دست نگر بن جاتا ہے، ہوش و حواس میں بھی کمزوری اور ضعف پیدا ہو جاتا ہے، جس دین و دنیا دونوں متاثر ہوتے ہیں۔
ترجمۃ الباب:
حدیث ترجمہ:
This hadith has been narrated on the authority of Hisham with the same chain of transmitters.