تشریح:
1) احتباء اور قرفصاء یہاں دونوں کا مفہوم ایک ہی ہے، یہ بیٹھنے کا ایک انداز ہے، جس کی وضاحت ترجمے میں موجود ہے، آدمی اس طرح سے کبھی مجلس میں بھی بیٹھ جاتا ہے۔ اس میں تواضع، انکسار اور خشوع کا اظہار ہوتا ہے۔ مگر خطبہ جمعہ میں ا س طرح بیٹھنا ممنوع ہے۔ دیکھئے: (سنن أبي داود، الصلاة: حدیث: 1110)
2) حضرت قیلہ رضی اللہ عنہ کا لرزہ براندام ہونا اس تاثر کی وجہ سے تھا کہ جب رسول اللہ ﷺ جیسی عظیم ہستی کا ظاہری بیٹھنا اس قدر خشوع اور انکسار کا مظہر ہے تو باطنی طور پر آپ ﷺ کی کیا کیفیت ہو گی اور ہم عام لوگ کس قدر بے پرواہ ہیں۔
3) اس حدیث سے یہ بھی اخذ کیا گیا کے کہ رسول اللہ ﷺ با وجود تواضع اور خشوع کے انتہا ئی بارعب اور ہیبت و دبدبہ والے تھے۔ اور یہ سب للہیت اور خشیت کا نتیجہ تھا۔
4) ہر صاحبِ ایمان کو اپنی نشست و بر خاست میں تواضع کا انداز اختیار کرنا چاہیئے۔ اس سے وقار میں کوئی کمی نہیں آتی بلکہ اضافہ ہی ہوتا ہے۔
5) مذکورہ دونوں روایات سندََا ضعیف ہیں، لیکن دیگر شواہد کی بنا پر حسن یا صحیح درجے تک پہنچ جاتی ہیں، جیسا کہ خود ہمارے فاضل محقق نے4846 نمبر حدیث کی تحقیق میں صحیح بخاری کا حوالہ ذکر کرنے کے بعد لکھا ہے کہ وہ یغني عنه یعنی بخاری کی روایت اس سے کفایت کرتی ہے۔ علاوہ ازیں شیخ البانی ؒ نےپہلی روایت کو صحیح اور دوسری کو حسن قرار دیا ہے۔ تفصیل کے لیئے دیکھئے: (الصحیحة، حديث: ٨٦٧، الترمذي، حديث: ٦٩٧٩)