تشریح:
(1) وتر کی اہمیت و سنیت بیان کرنے کے بعد دوسرا اہم مسئلہ قنوت کا ہے کہ وہ کن نمازوں میں ہے اور اس کا محل کیا ہے؟ واضح رہے کہ شریعت میں قنوت کی دو اقسام ہیں: ٭ قنوت وتر ٭ قنوت نازلہ۔ ہمارے نزدیک قنوت وتر سارے سال میں اور رکوع سے پہلے ہوتی ہے جبکہ قنوت نازلہ ہنگامی حالات میں رکوع کے بعد ہوتی ہے۔
(2) امام بخاری ؒ نے قنوت وتر کے متعلق کوئی صریح حدیث بیان نہیں کی بلکہ قنوت نازلہ سے متعلقہ احادیث بیان کر کے قنوت وتر کی طرف اشارہ کیا ہے۔ ان دونوں میں قدر مشترک یہ ہے کہ دونوں دوران نماز ہی میں پڑھی جاتی ہیں۔ امام بخاری ؒ کے ذکر کردہ دلائل سے معلوم ہوتا ہے کہ امام بخاری ؒ نے تین طرح سے قنوت وتر کو ثابت کیا ہے: ٭ حضرت انس ؓ سے مروی احادیث میں مطلق قنوت کا ذکر ہے۔ اس اطلاق سے امام بخاری ؒ نے قنوت وتر کو ثابت کیا ہے۔ جیسا کہ حدیث 1002 میں ہے۔ ٭ حضرت انس ؓ سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ نماز مغرب میں قنوت ہے۔ چونکہ نماز مغرب دن کے وتر ہیں، اس لیے رات کے وتر میں بھی قنوت کی جا سکتی ہے۔ ٭ جب فرض نماز میں قنوت پڑھنی جائز ہے تو وتر میں بطریق اولیٰ جائز ہونی چاہیے، یعنی امام بخاری ؒ نے بطریق قیاس نماز وتر میں قنوت ثابت کی ہے۔ حضرت حسن بن علی ؓ سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھے چند کلمات سکھائے تاکہ میں انہیں قنوت وتر میں پڑھوں۔ (سنن أبي داود، الوتر، حدیث:1425) نماز وتر میں قنوت سے متعلق یہ حدیث صحیح اور صریح ہے، لیکن امام بخاری ؒ کی شرط کے مطابق نہیں تھی، اس لیے انہوں نے اس کا حوالہ نہیں دیا۔ علامہ زین بن منیر ؒ لکھتے ہیں کہ امام بخاری ؒ نے نماز وتر میں قنوت کی مشروعیت کا ذکر کر کے ان لوگوں کی تردید کی ہے جو قنوت وتر کے قائل نہیں۔ جیسا کہ حضرت ابن عمر ؓ کے متعلق روایات میں ہے کہ وہ اسے بدعت قرار دیتے تھے۔ (فتح الباري:631/2)
(3) نماز وتر میں دعائے قنوت کے محل کی تعیین کے متعلق ہمارا موقف یہ ہے کہ رکوع سے پہلے ہے۔ اس کے متعلق رسول اللہ ﷺ کا واضح عمل اور کھلا فرمان ہمارے لیے قطعی فیصلے کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ بیشتر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے بھی یہی بات منقول ہے۔ اس کی تفصیل حسب ذیل ہے: ٭ حضرت ابی بن کعب ؓ نماز وتر میں محل قنوت کے متعلق رسول اللہ ﷺ کا معمول بیان کرتے ہیں کہ آپ وتر ادا کرتے وقت رکوع سے پہلے دعائے قنوت کرتے تھے۔ (سنن النسائي، قیام اللیل، حدیث:1700) سنن ابن ماجہ میں بھی محل قنوت کی تعیین کی گئی ہے کہ رکوع سے پہلے ہے۔ (سنن ابن ماجة، إقامة الصلوات، حدیث:1182) اس روایت کو سفیان نے اپنے شیخ زبید الیامی سے بیان کیا ہے۔ اس کے علاوہ دو مزید طرق سے یہ روایت مروی ہے۔ ٭ فطر بن خلیفہ (سنن الدارقطني:30/2) ٭ معر بن کدام (السنن الکبریٰ للبیھقي:40/3)، اس سلسلے میں رسول اللہ ﷺ کا واضح فرمان بھی ہے جسے حضرت حسن بن علی ؓ بیان کرتے ہیں کہ مجھے رسول اللہ ﷺ نے دعائے قنوت سکھائی کہ میں وتر ادا کرتے وقت جب قراءت سے فارغ ہو جاؤں تو اسے پڑھوں۔ یہ روایت بھی اپنے مفہوم کے اعتبار سے بالکل واضح ہے کہ نماز وتر میں قنوت قراءت کے بعد رکوع سے پہلے ہے۔ ٭ مذکورہ روایات کے علاوہ کچھ آثار صحابہ بھی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ نماز وتر میں دعائے قنوت رکوع سے پہلے پڑھی جاتی تھی جس کی تفصیل حسب ذیل ہے: ٭ اسود بن یزید بیان کرتے ہیں کہ حضرت ابن عمر ؓ نے وتر میں رکوع سے پہلے قنوت فرمائی۔ (المصنف لابن أبي شیبة:302/3) ٭ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کے متعلق راوی بیان کرتا ہے کہ آپ ہر رات وتر میں رکوع سے پہلے دعائے قنوت کرتے تھے۔ (المصنف لابن أبي شیبة:302/3) ٭ حضرت علقمہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ اور رسول اللہ ﷺ کے دیگر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نماز وتر میں رکوع سے پہلے قنوت کرتے تھے۔ (المصنف لابن أبي شیبة:302/3) ٭ علامہ البانی ؒ نے صحیح بخاری کی پیش کردہ حدیث 1002 سے استدلال کیا ہے جو قابل ملاحظہ ہے۔ اس روایت سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ ہنگامی حالات کے پیش نظر جو دعا کی جائے وہ رکوع کے بعد ہے اور حضرت انس ؓ نے جس قنوت کو رکوع سے پہلے بیان کیا ہے وہ ہنگامی حالات کے پیش نظر نہیں بلکہ وہ قنوت وتر ہے کیونکہ جو قنوت عام حالات میں مانگی جاتی ہے وہ صرف قنوت وتر ہے۔ (إرواءالغلیل:158/2) حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ قنوت کے متعلق رسول اللہ ﷺ سے صحیح طور پر یہی ثابت ہے کہ رکوع سے پہلے ہے، البتہ بعض صحابۂ کرام کا عمل ہے اس سے کچھ مختلف ہے۔ (فتح الباري:832/2) بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس قسم کا اختلاف اپنے اندر جواز کا پہلو رکھتا ہے، یعنی رکوع سے پہلے اور رکوع کے بعد دونوں طرح جائز ہے۔ (صفة الصلاة، ص178) محدث العصر علامہ البانی ؒ لکھتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب کبھی وتر میں دعا کرتے تو رکوع سے پہلے اس کا اہتمام کرتے تھے۔ مزید لکھتے ہیں کہ صحابۂ کرام ؓ سے ثبوت کے ساتھ جو صحیح بات منقول ہے وہ یہ ہے کہ نماز وتر میں دعائے قنوت رکوع سے پہلے ہو۔ (إرواءالغلیل:164/3) اگر وتر کی دعا کو ہنگامی حالات کے پیش نظر قنوت نازلہ کی شکل دے دی جائے تو رکوع کے بعد جواز کی گنجائش ہے۔ جیسا کہ حضرت ابی بن کعب ؓ ہنگامی حالات کے پیش نظر نماز وتر میں مخالفین اسلام کے خلاف بد دعاء، رسول اللہ ﷺ پر درود و سلام اور عام مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے دعا کرنے کے بعد الله أكبر کہتے اور سجدے میں چلے جاتے۔ (صحیح ابن خزیمة:158/2) علامہ البانی ؒ نے بھی اس موقف کی تائید فرمائی ہے۔ مذکورہ دلائل و براہین کا تقاضا ہے کہ نماز وتر میں دعائے قنوت رکوع سے پہلے ہے۔ اگر دعائے قنوت کو قنوت نازلہ کی شکل دے دی جائے تو اسے رکوع کے بعد بھی پڑھا جا سکتا ہے۔ واللہ أعلم۔