تشریح:
(1) امام بخاری ؒ نے اس مقام پر یہ حدیث مختصر بیان فرمائی ہے۔ تفصیلی روایات سے پتہ چلتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ عیدگاہ تشریف لے گئے، دعا کے وقت لوگوں کی طرف پیٹھ کر کے قبلے کی طرف منہ کر لیا، کھڑے ہو کر دعا فرمائی، پھر دو رکعت پڑھائیں، ان میں بآواز بلند قراءت کی، اور اپنی چادر کو پلٹا، گھر واپس آنے سے پہلے پہلے اللہ تعالیٰ نے رحم و کرم کرتے ہوئے بارش کا نزول جاری فرما دیا۔
(2) امام ابو حنیفہ ؒ کے سوا تمام علمائے امت کا اتفاق ہے کہ استسقاء کے لیے نماز کا اہتمام کیا جا سکتا ہے، اس کے لیے باہر کھلے میدان کا انتخاب کیا جائے۔ (فتح الباري:634/2) چادر پلٹنے کی کیفیت و حکمت ہم آئندہ بیان کریں گے۔ إن شاءاللہ۔