تشریح:
(1) رخ زیبا کے واسطے سے مراد آپ کا دعا کرنا ہے۔ یہ شعر جناب ابو طالب کے اس قصیدے سے ہے جو ایک سو دس اشعار پر مشتمل ہے جسے انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی شان میں پڑھا تھا۔
(2) محدث ابن رشید نے اعتراض کیا ہے کہ ان احادیث کا عنوان سے کوئی تعلق نہیں ہے، امام بخاری ؒ کو چاہیے تھا کہ اس عنوان کے تحت حدیث ابن مسعود ذکر کرتے جو پہلے بیان ہو چکی ہے۔ لیکن یہ اعتراض برمحل نہیں کیونکہ حدیث ابن عمر میں ہے کہ جب میں رسول اللہ ﷺ کے چہرۂ انور کو دعائے استستقاء کرتے وقت دیکھتا ہوں تو اکثر مجھے ابو طالب کا شعر یاد آ جاتا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ خود انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے دعائے استستقاء کی اپیل کی تھی، قبولیت دعا کے وقت جناب ابو طالب کا شعر یاد آ گیا۔
(3) ان احادیث میں یہ ادب بیان ہوا ہے کہ اگر قحط آ جائے تو لوگ اپنے امام سے دعائے استسقاء کی اپیل کریں اور اس کے ساتھ مل کر دعا کا اہتمام کریں۔ (فتح الباري:638/2 ،639)