تشریح:
(1) بارش کی نماز اور دعا میں اکثر لوگوں نے شمولیت کرنی ہوتی ہے، اس لیے کھلے میدان کا انتخاب کیا جائے۔ اگر عیدگاہ یا مسجد میں اس کا اہتمام کر لیا جائے تو بھی کوئی حرج نہیں۔ (2) اس حدیث میں چادر کو الٹ پلٹ کرنے کا طریقہ بھی ذکر ہوا ہے کہ اس کے دائیں کنارے کو بائیں کندھے پر اور بائیں کنارے کو دائیں کندھے پر کر لیا جائے، نیز ایک حدیث میں چادر کے اوپر والے حصے کو نیچے اور نیچے والے کو اوپر کرنے کا ذکر بھی ہے۔ واللہ أعلم۔
(3) اس سے پہلے بھی امام بخاری ؒ نے ایک عنوان بایں الفاظ قائم کیا تھا: ’’دعائے استسقاء کے لیے باہر جانا۔‘‘ اس میں عموم تھا۔ مذکورہ عنوان میں جہت خروج کی تعیین ہے۔ (فتح الباري:884/2)