تشریح:
اس شخص کے متعلق مختلف روایات ہیں: سیرت ابن اسحاق میں ہے کہ وہ ولید بن مغیرہ تھا لیکن وہ میدان بدر میں قتل نہیں ہوا۔ بعض روایات میں سعید بن عاص اور ابولہب کا ذکر ہے۔ مصنف ابن ابی شیبہ میں ہے کہ اس وقت سجدہ نہ کرنے والے وہ قریشی تھے جو شہرت کے طلبگار تھے۔ سنن نسائی میں ہے کہ وہ مطلب بن ابی وداعہ تھا، لیکن یہ اس وقت مسلمان نہیں ہوا تھا۔ امام بخاری ؒ نے خود ایک روایت میں صراحت کی ہے کہ وہ امیہ بن خلف تھا۔ بہرحال حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نے صرف ایک آدمی کو دیکھا ہو گا جس نے کنکریوں سے مٹھی بھر کر انہیں اپنے چہرے کی طرف اٹھا لیا تھا اور اسے انہوں نے بیان کر دیا۔ (فتح الباري:712/2) واللہ أعلم۔