تشریح:
امام مالک ؒ سے منقول ہے کہ وہ فرض نماز میں آیت سجدہ کی تلاوت کو مکروہ خیال کرتے ہیں۔ امام بخاری ؒ نے اس عنوان اور پیش کردہ حدیث سے اس موقف کی تردید کی ہے۔ امام بخاری ؒ کے استدلال کی بنیاد یہ ہے کہ حضرت ابو ہریرہ ؓ نے رسول اللہ ﷺ کے پیچھے اس سورت میں سجدہ کیا۔ ابن خزیمہ کی ایک روایت میں مزید وضاحت ہے کہ حضرت ابو ہریرہ ؓ نے فرمایا: میں نے رسول اللہ ﷺ کی اقتدا میں نماز ادا کی تو آپ نے اس سورت میں سجدہ کیا۔ (صحیح ابن خزیمة:282/2، حدیث:561) اس سے معلوم ہوا کہ آیت سجدہ کو فرض نماز میں پڑھا جا سکتا ہے، اور دوران نماز سجدہ کرنے میں کوئی قباحت نہیں۔ (فتح الباري:324/2)