تشریح:
(1) فرض نماز ادا کرنے کے لیے قبلے کی طرف منہ کرنا ضروری ہے۔ اس پر علمائے امت کا اجماع ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سواری پر فرض نماز ادا کرنا صحیح نہیں، ہاں! اگر کوئی معذور ہے تو اسے اجازت ہے، البتہ نماز خوف میں استقبال قبلہ کی پابندی نہیں۔ ایسے ہنگامی حالات میں جس طرف بھی منہ ہو فرض نماز ادا کی جا سکتی ہے۔ (فتح الباري:742/2)
(2) سواری پر نفل پڑھتے وقت ابتدا میں سواری کو قبلہ رخ کر لیا جائے، پھر جدھر بھی اس کا منہ ہو جائے اپنی نماز جاری رکھے جیسا کہ حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب دوران سفر میں نفل پڑھنے کا ارادہ فرماتے تو اپنی اونٹنی کا رخ قبلے کی طرف کر لیتے، پھر جدھر بھی اس کا منہ ہو جاتا اپنی نماز میں مصروف رہتے۔ (سنن أبي داود، صلاة السفر، حدیث:1225)