تشریح:
اس حدیث میں نماز شب پڑھنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ اسے دو دو رکعت کر کے پڑھا جائے اور آخر میں ایک وتر ادا کیا جائے۔ امت کے حق میں یہی افضل ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے سائل کے جواب میں یہ ہدایت جاری فرمائی ہے، البتہ آپ نے نماز شب کو فصل اور وصل دونوں طریقوں سے ادا فرمایا ہے۔ حضرت عائشہ ؓ سے مروی ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نماز شب چار رکعت پڑھتے۔ اس کے خوبصورت اور طویل ہونے کے متعلق کچھ نہ پوچھو۔ پھر چار پڑھتے جو بہت خوبصورت اور لمبی ہوتیں۔ اس کے بعد تین رکعت پڑھتے۔ (صحیح البخاري، التھجد، حدیث:1147) واللہ أعلم۔