تشریح:
اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ کی نماز تہجد کی رکعات کی تعداد کو بیان کیا گیا ہے کہ وہ تیرہ رکعات ہوتی تھیں جنہیں رسول اللہ ﷺ اس طرح ادا کرتے تھے کہ ہر دو رکعت کے بعد سلام پھیر دیتے۔ صحیح بخاری کی ایک روایت میں رسول اللہ ﷺ کی ان رکعات کو گیارہ بتایا گیا ہے۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث:4569) لیکن یہ روایت شریک بن عبداللہ سے مروی ہے جنہوں نے حضرت کریب سے یہ تعداد بیان کی ہے جبکہ کریب کے دوسرے شاگرد تیرہ رکعت ہی بیان کرتے ہیں، اس بنا پر شریک کی روایت مرجوح ہے۔ حضرت عائشہ ؓ سے بھی اس کی تعداد تیرہ رکعات ہی مروی ہے جیسا کہ صحیح مسلم میں اس کے متعلق متعدد روایات ہیں۔ بہرحال نماز تہجد کے موقع پر افتتاحی دو رکعت کو شامل کر کے ان کی تعداد تیرہ ہے۔ تفصیل کے لیے حدیث: 992 کے فوائد ملاحظہ فرمائیں۔