تشریح:
(1) اس روایت سے امام بخاری ؒ نے رسول اللہ ﷺ کے حق میں نماز تہجد کا عدم وجوب ثابت کیا ہے، کیونکہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ کبھی کبھی پوری رات سو کر گزار دیتے تھے۔ اگر قیام اللیل واجب ہوتا تو آپ اس کی پابندی ضرور کرتے۔ (فتح الباري:29/3)
(2) اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا رات نو نفل پڑھنا محوِ استراحت ہونا رات کے مختلف اوقات میں تھا۔ جو شخص آپ کو جس حالت میں دیکھنا چاہتا وہ دیکھ لیا کرتا تھا۔ یہ حضرت انس ؓ کا اپنا مشاہدہ ہے جو حضرت عائشہ ؓ کے بیان کے خلاف نہیں کہ آپ مرغ کی آواز سن کر بیدار ہو جاتے تھے، کیونکہ انہوں نے اپنے چشم دید حالات بیان کیے ہیں اور آپ رات کی نماز عموماً گھر میں پڑھتے تھے جبکہ حضرت انس ؓ کی حدیث اس کے علاوہ پر محمول ہے۔ دونوں نے رسول اللہ ﷺ کے متعلق اپنے اپنے مشاہدات کو بیان کیا ہے۔ (فتح الباري:31/3)
(3) ابو خالد احمر کی اس متابعت کو امام بخاری ؒ نے خود ہی متصل سند سے بیان کیا ہے۔ (صحیح البخاري، الصوم، حدیث:1973) سلیمان کی روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ حمید راوی نے حضرت انس ؓ سے رسول اللہ ﷺ کے روزے کے متعلق سوال کیا تو انہوں نے یہ حدیث بیان فرمائی۔ (صحیح البخاري، الصوم، حدیث:1972)