تشریح:
(1) حضرات انبیاء ؑ اس شیطانی عمل سے محفوظ رہتے ہیں، اسی طرح جو شخص رات کو سوتے وقت آیت الکرسی پڑھ لے وہ بھی ان گرہوں سے بچ جاتا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿إِنَّ عِبَادِي لَيْسَ لَكَ عَلَيْهِمْ سُلْطَانٌ﴾ (بني إسرائیل65:17) ’’بلاشبہ میرے بندوں پر تیرا کوئی بس نہیں چلے گا۔‘‘ واضح رہے کہ ان شیطانی گرہوں کو حقیقت پر محمول کیا جائے، نیز یہ گرہیں ایک دھاگے یا رسی میں ہوتی ہیں اور اسے انسان کی گدی پر رکھا ہوتا ہے۔ حافظ ابن حجر ؒ نے ایک حدیث کا حوالہ دیا ہے کہ شیطان ایک رسی میں گرہیں لگاتا ہے۔ واللہ أعلم۔ (فتح الباري:33/3)
(2) امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے نماز تہجد کی اہمیت و افادیت بیان کی ہے، یعنی شیطان ہر مکلف کی گدی پر گرہ لگاتا ہے، ہاں! نماز تہجد پڑھنے سے وہ گرہیں کھل جاتی ہیں، گویا اس کی گدی پر گرہیں لگی ہی نہیں کیونکہ ان کا اثر زائل ہو جاتا ہے۔