تشریح:
اس حدیث میں چار احکام بیان ہوئے ہیں۔ ٭ عورت کو تنہا سفر کرنے کی ممانعت۔ اس کی تفصیل ہم کتاب الحج، حدیث: 1864 کے تحت بیان کریں گے۔ ٭ عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے دن روزہ رکھنے کی ممانعت۔ اس کی تشریح کتاب الصوم، حدیث: 1995 میں ذکر ہو گی۔ ٭ نماز فجر اور نماز عصر کے بعد نوافل پڑھنے کی ممانعت۔ اس کے متعلق ہم اپنی گزارشات حدیث: 586 کے تحت بیان کر آئے ہیں۔ ٭ آخری حکم شدِ رحال سے متعلق ہے جس کی تفصیل حدیث: 1189 میں بیان ہو چکی ہے۔ امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھنے کی فضیلت بیان کرنے کے لیے روایت کیا ہے۔ ہم قبل ازیں مسند بزار کے حوالے سے بیان کر آئے ہیں کہ مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی پانچ صد نماز کے برابر ہے۔ (فوائد حدیث: 1190)