تشریح:
(1) حضرت ابوبکر ؓ مقام سخ میں رہائش پذیر تھے جو رسول اللہ ﷺ کے کاشانہ مبارک سے ایک میل کے فاصلے پر تھا۔ انہوں نے آتے ہی رسول اللہ ﷺ سے چادر کو ہٹایا اور دونوں آنکھوں کے درمیان پیشانی کو بوسہ دیا۔ امام بخاری ؒ نے صرف اس بات کو ثابت کرنے کے لیے مذکورہ حدیث پیش کی ہے کہ میت کو اگر کفن میں لپیٹ دیا جائے تو بھی کسی ضرورت کے پیش نظر اسے کھولا جا سکتا ہے۔ دراصل حضرت نخعی ؒ کا موقف ہے کہ مرنے کے بعد صرف غسل دینے والا ہی اسے دیکھ سکتا ہے، اس لیے امام بخاری ؒ نے مذکورہ حدیث سے اس کا جواز ثابت کیا ہے۔
(2) حضرت عمر ؓ نبی اکرم ﷺ کی وفات کی وجہ سے زیادہ نڈھال تھے۔ آپ نے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ اللہ تعالیٰ عنقریب رسول اللہ ﷺ کو دوبارہ اٹھائے گا اور آپ لوگوں کے ساتھ پاؤں قطع کریں گے، یعنی شرعی حدود کا نفاذ کریں گے۔ اس بات کا لوگوں میں بھی چرچا ہونے لگا۔ چونکہ اس کا تعلق عقیدے سے تھا، اس لیے حضرت ابوبکر ؓ نے اس کی تردید کو ضروری خیال کیا اور فرمایا کہ دنیا میں آپ کو دو موتوں سے دوچار نہیں ہونا بلکہ صرف ایک ہی موت آنی تھی جو آ چکی ہے۔ (فتح الباري: 148/3)