تشریح:
(1) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اگر ضرورت کے وقت دو آدمیوں کو ایک قبر میں دفن کرنا پڑے تو ان میں سے جسے قرآن زیادہ یاد ہو اسے لحد میں آگے اور پہلے رکھا جائے اور دوسرے کو بعد میں اور اس کے پیچھے رکھا جائے، جیسا کہ زندگی میں جماعت کے وقت جسے زیادہ قرآن یاد ہو اسے امام بنایا جاتا ہے اور دوسرے لوگ اس کے مقتدی ہوتے ہیں۔ (فتح الباري:271/3) (2) اس حدیث سے قرآن کریم کے قاری اور حافظ کی فضیلت معلوم ہوتی ہے، ان کے ساتھ علوم شریعت کے ماہر اور تقویٰ و طہارت کے حامل کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ (فتح الباري:272/3) (3) طبقات ابن سعد میں ہے کہ حضرت جابر ؓ کے والد گرامی اور چچا محترم کو دو چادروں میں کفن دیا گیا تھا۔ اگر یہ روایت صحیح ہے تو ممکن ہے کہ ایک چادر کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہو اور ایک ایک حصہ بطور کفن استعمال کیا گیا ہو۔ (4) واضح رہے کہ جنہیں ایک چادر میں کفن دیا گیا انہیں دفن بھی اکٹھا کیا گیا تھا اور روایت مذکور میں حضرت جابر ؓ کے والد گرامی کے ساتھ عمرو بن جموح کو کفن دیا گیا تھا۔ یہ حضرت جابر ؓ کے چچا نہیں بلکہ چچا زاد بھائی تھے۔ آپ نے تعظیم و تکریم کے طور پر انہیں چچا کہا ہے۔ (فتح الباري:275/3) (5) آخر میں امام بخاری ؒ نے مذکورہ حدیث کا ایک طریق بیان کیا ہے، ان میں فرق یہ ہے کہ پہلی حدیث میں لیث نے امام زہری اور حضرت جابر ؓ کے درمیان ایک واسطہ عبدالرحمٰن بن کعب ذکر کیا ہے جبکہ دوسری حدیث میں امام اوزاعی نے اس واسطے کو حذف کر دیا ہے اور سلیمان مذکور نے مجہول واسطہ ذکر کیا ہے۔ والله أعلم۔