تشریح:
(1) امام بخاری ؒ نے اس روایت سے ثابت کیا ہے کہ اذخر اور خشک گھاس کو قبر میں بچھایا جا سکتا ہے۔ اگرچہ حدیث میں ایک خاص گھاس اذخر کا ذکر ہے، تاہم دیگر خشک گھاس کی اقسام کو اس پر قیاس کیا جا سکتا ہے۔ اذخر کی تخصیص اس لیے ہے کہ سرزمین حجاز میں یہی بکثرت پائی جاتی ہے۔ ابتدائی طور پر آگ جلانے کے لیے یہ گھاس استعمال ہوتی تھی، نیز گھروں اور قبروں میں بچھانے کے لیے اسے استعمال کیا جاتا تھا، اس لیے سرزمین حرم میں خود بخود اُگنے والی اس گھاس کو کاٹنے کی اجازت دی گئی۔ (2) قین سے مراد کاریگر ہے۔ اس میں زرگر اور لوہار دونوں آ جاتے ہیں۔ (3) امام بخاری ؒ نے حضرت ابو ہریرہ ؓ کی روایت کو خود متصل سند سے بیان کیا ہے۔ (صحیح البخاري، العلم، حدیث:112) اسی طرح صفیہ بنت شیبہ کی روایت سنن ابن ماجہ میں متصل سند سے ذکر کی گئی ہے۔ (سنن ابن ماجة، المناسك، حدیث:3109) حضرت مجاہد کی روایت کو بھی امام بخاری ؒ نے اپنی متصل سند سے بیان کیا ہے۔ (صحیح البخاري، جزاءالصید، حدیث:1834) (4) حافظ ابن حجر ؒ نے ان روایات کو ذکر کرنے سے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ امام بخاری حضرت عکرمہ کی روایت کو ترجیح دینا چاہتے ہیں، کیونکہ حضرت ابو ہریرہ اور حضرت صفیہ ؓ کی بیان کردہ روایت بھی اس کے ہم آہنگ ہے۔ (فتح الباري:273/3)