تشریح:
(1) اس حدیث میں لحد کا ذکر ہے لیکن صندوقی قبر کا ذکر نہیں۔ ممکن ہے کہ دونوں شہیدوں کو لحد ہی میں رکھا گیا ہو۔ اور یہ بھی احتمال ہے کہ ایک کو لحد میں اور دوسرے کے لیے درمیان میں جگہ بنائی گئی ہو جسے صندوقی کہتے ہیں، کیونکہ قبر کی ایک جانب دو آدمیوں کو رکھنے کے لیے جگہ تیار کرنا مشکل کام ہے۔ (2) عنوان میں صندوقی قبر کا ذکر کیا تاکہ لحد کی افضیلت کو ثابت کیا جائے، کیونکہ اس کا ذکر حدیث میں ہے۔ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ لحد ہمارے لیے اور شق ہمارے غیر کے لیے ہے۔ (سنن أبي داود، الجنائز، حدیث:3208) اگر غیر سے مراد اہل کتاب ہیں تو ہمیں لحد ہی کو اختیار کرنا چاہیے اور اگر اس سے مراد اہل مکہ ہیں تو معاملہ کچھ ہلکا ہو جاتا ہے۔ دراصل مدینہ طیبہ میں بغلی اور صندوقی دونوں قبروں کا رواج تھا، چنانچہ حضرت ابو طلحہ انصاری ؓ لحد بنانے کے ماہر تھے جبکہ ابو عبیدہ بن جراح ؓ صندوقی قبر تیار کرتے تھے۔ اہل مکہ زمین نرم ہونے کی وجہ سے شق والی قبر تیار کرتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے لحد کو شق پر فضیلت دی۔ دراصل اس کا دارومدار زمین کی قسم پر ہے۔ اگر زمین نرم ہو تو شق بہتر ہے اور اگر زمین پختہ ہو تو لحد بنانا بہتر ہے۔ اسے رسول اللہ ﷺ نے پسند فرمایا ہے۔ والله أعلم۔