تشریح:
(1) اس عنوان سے معلوم ہوتا ہے کہ امام بخاری ؒ اولادِ مشرکین کے متعلق پہلے متوقف تھے، اس کے بعد آپ نے ان کے نجات یافتہ ہونے پر جزم کیا ہے۔ ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے علم کے مطابق ان سے برتاؤ کرے گا۔ امام احمد اور اکثر اہل علم کا یہی موقف ہے کہ جب یہ بچے شرعا غیر مکلف ہیں تو ان کا معاملہ اللہ کے حوالے کیا جائے، کیونکہ وہ خوب جانتا ہے کہ وہ جنت کے لائق ہیں یا دوزخ کے قابل۔ اگر اس کے علم میں ہے کہ وہ بڑے ہو کر اچھے کام کرنے والے تھے تو جنت میں جائیں گے بصورت دیگر جہنم کا ایندھن بنیں گے۔ (2) قدریہ (ایک گمراہ فرقہ) کہتے ہیں کہ اس حدیث میں نجات یا عدم نجات کا دارومدار عمل کو بتایا گیا ہے اور بچے فطرت اسلام پر پیدا ہوتے ہیں تو جب انہوں نے شرک کا ارتکاب ہی نہیں کیا تو لامحالہ نجات کے حق دار ہوں گے، لیکن یہ تاویل درست نہیں، کیونکہ فطرت پر پیدا ہونے کے بعد اگر انہیں زندگی دی جاتی تو وہ کیا کرتے؟ اللہ تعالیٰ ان کی اس ممکنہ زندگی کے متعلق اپنے علم کی بنا پر فیصلہ کرے گا اور وہ اس سے خوب آگاہ ہے۔ گویا یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ تعالیٰ کو انسان کی آئندہ ممکنہ زندگی اور اس کے اعمال کا بھی علم ہے جو ابھی تک اس سے سرزد نہیں ہوئے۔ (3) حافظ ابن حجرؒ نے لکھا ہے کہ قیامت کے دن اہل فترت اور دیوانے لوگوں کا امتحان لیا جائے گا۔ ان سے کہا جائے گا کہ تم خود کو جہنم میں ڈالو۔ جو اللہ کی اطاعت کرتے ہوئے جہنم میں کود پڑے گا، اس کے لیے وہ جہنم گل و گلزار بن جائے گی اور جو جہنم میں چھلانگ لگانے سے انکار کر دے گا اسے دوزخ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ (فتح الباري:313/3) ممکن ہے کہ میدان محشر میں بچوں کے لیے بھی کوئی امتحان عمل تجویز ہو جس پر ان کی نجات و ہلاکت کا دارومدار ہو۔ والله أعلم۔