تشریح:
(1) حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ وجوب زکاۃ کے لیے اس حدیث کی دلالت بہت الجھن کا باعث ہے، پھر خود ہی چند ایک جواب دیے ہیں، مثلا: اس حدیث سے فرضیت زکاۃ بایں طور ثابت ہوتی ہے کہ جنت میں جانا ادائیگی زکاۃ پر منحصر ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو زکاۃ نہیں دے گا وہ جہنم میں جائے گا اور جہنم میں جانا ایک ایسی چیز کے ترک سے ہوتا ہے جو واجب ہو۔ اس طرح اس حدیث سے فرضیت زکاۃ ثابت ہوتی ہے۔
(2) واقعاتی طور پر دو احادیث کے مضامین میں گہری مماثلت اور یکسانیت ہو تو امام بخاری ؒ کی عادت ہے کہ وہ ایک حدیث کے ذریعے سے دوسری حدیث کی تفسیر کرتے ہیں۔ اس مقام پر بھی حدیث ابو ایوب اور بعد میں آنے والی حدیث ابو ہریرہ میں بہت مماثلت ہے، اس لیے دوسری حدیث کو مذکورہ حدیث کے لیے تفسیر قرار دیا ہے۔ چونکہ دوسری حدیث میں ہے کہ فرض زکاۃ ادا کرو، اس لیے حدیث مذکورہ میں بھی فرض زکاۃ ہی مراد ہے۔ (فتح الباري:333/3)