تشریح:
1۔ ا س سے معلوم ہوا کہ وضو کے لیے دونوں ہاتھوں سے چلو بھرنا ضروری نہیں، نیز ان روایات کے ضعف کی طرف اشارہ ہے جن میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک ہی ہاتھ سے اپنے چہرے کو دھوتے تھے۔ اگرچہ بعض حضرات نے ان احادیث کو جمع کرنے کی ایک صورت پیدا کی ہے لیکن سیاق وسباق سے اس جمع کی تائید نہیں ہوتی، اس روایت سے یہ بھی معلوم ہوا کہ پانی کا ایک چلو لے کرآدھے پانی سے کلی کی جائے اور آدھا چلو ناک صاف کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔ (فتح الباري: 317/1) دراصل وضو کرنے کی کئی صورتیں ہوسکتی ہیں، ان تمام میں وضو کی ایک شکل نہیں ہو گی، مثلاً: بعض اوقات حوض یا ندی کے کنارے بیٹھ کر وضو کرنا ہوتا ہے اور بعض اوقات کسی برتن سے پانی لے کر وضو کیا جاتا ہے اور کبھی مسجد میں ٹونٹی وغیرہ سے وضو کرنے کی نوبت آ سکتی ہے، بہرحال پانی کے استعمال میں اسراف نہیں ہونا چاہیے۔
2۔ عربی زبان میں ایک ہاتھ سے پانی لینے کو (غُرفَة) اور دونوں ہاتھوں سے پانی لینے کو (حَفنَه) کہا جاتا ہے۔ اردو میں ان د ونوں کے لیے علی الترتیب چلو اور لَپ کے الفاظ مستعمل ہیں۔ اس وضاحت کے بعد معلوم ہونا چاہیے کہ عنوان کے دو جز ہیں: (الف)۔ منہ دھوتے وقت دونوں ہاتھوں کا استعمال۔ (ب)۔ پانی ایک چلو سے لیا جائے۔ اس سے مسنون طریقے کی طرف اشارہ ہے کہ منہ دھونے کے لیے چلو بھر پانی کو دونوں ہاتھوں سے استعمال کرنا چاہیے۔