تشریح:
(1) یہ عنوان پہلے عنوان سے کچھ خاص اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ پہلے عنوان میں صرف فرضیت زکاۃ کا بیان تھا، اس میں بیان کیا گیا ہے کہ زکاۃ کی ادائیگی پر التزام کرنے ہی سے بیعت اسلام مکمل ہوتی ہے اور جو اس کو ادا نہیں کرتا وہ گویا اپنی بیعت کو باطل کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جس امر پر بیعت کی جائے وہ واجب سے بھی بڑھ کر ہوتا ہے۔ ہر واجب پر بیعت کرنا ضروری نہیں، لیکن ہر بیعت شدہ امر کا واجب ہونا ضروری ہے۔ (2) آیت کریمہ سے بھی یہی ثابت ہوتا ہے کہ جو شخص کفر سے توبہ کرے، نماز پڑھے اور زکاۃ ادا کرنے کا عہد کرے وہی اہل ایمان کی اخوت کا حقدار ہے، اور جو اس عہد کا پاس نہیں کرے گا اسے قطعی طور پر اس بھائی چارے سے محروم کر دیا جائے گا۔ والله أعلم۔