تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ نے صدقہ بڑھنے کو گھوڑے کے بچے کی مثال دے کر بیان کیا ہے، کیونکہ گھوڑے کا بچہ بہت جلد بڑھتا ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے سواری کے قابل ہو جاتا ہے۔ اسی طرح صدقہ بھی انسانی عمل کی پیداوار ہے اور ہر پیداوار کو نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے، جب اس پر توجہ دی جائے گی تو خوب پروان چڑھے گی۔ جب صدقہ حلال طیب کمائی سے کیا جائے گا تو وہ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی نگاہ کرم میں رہتا ہے اور روز بروز بڑھتا رہتا ہے حتی کہ ایک کھجور اُحد پہاڑ جتنی ہو جاتی ہے۔ لیکن حرام مال سے صدقہ قبول نہیں کیا جاتا، کیونکہ صدقہ کرنے والا اس کا مالک نہیں ہوتا اور نہ وہ اس مال میں تصرف ہی کرنے کا حق دار ہے۔ اگر حرام مال سے صدقہ قبول کر لیا جائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک ہی چیز بجا آوری اور حکم امتناعی کے درجے میں ہے جبکہ ایسا محال ہے۔ (فتح الباري:353/3) (2) بعض حضرات نے اس حدیث کی تاویل کی ہے اور کہا ہے کہ اس میں اللہ کی طرف دائیں ہاتھ کو منسوب کیا گیا ہے، اس سے مراد کوئی خاص عضو نہیں۔ لیکن اہل سنت کا یہ مسلک نہیں کہ اللہ تعالیٰ کی صفات کی تاویل کی جائے، بلکہ سلف اسے ظاہری معنی ہی پر محمول کرتے ہیں۔ جملہ اہل علم صفات پر مشتمل احادیث پر بلا تاویل ایمان لاتے ہیں اور ان میں تشبیہ کا وہم نہیں کرتے اور نہ ان کی کیفیت ہی کے متعلق بحث کرتے ہیں۔ حافظ ابن حجر ؒ نے امام ترمذی ؒ کے حوالے سے اس موقف کو بیان کیا ہے اور یہ برحق ہے۔ (فتح الباري:354/3، وجامع الترمذي، الزکاة، حدیث:662) (3) سلیمان کی متابعت کو امام بخاری ؒ نے اپنی متصل سند سے بیان کیا ہے۔ اسی طرح ورقاء بن عمر کی روایت کو امام بخاری ؒ نے ذکر کیا ہے۔ (صحیح البخاري، التوحید، حدیث:7430) سلمہ بن ابو مریم کی روایت کو امام ابو یوسف نے اپنی تالیف کتاب الزکاۃ میں بیان کیا ہے۔ اور زید بن اسلم، نیز سہیل کی روایات کو امام مسلم نے اپنی صحیح میں متصل سند سے ذکر کیا ہے۔ (صحیح مسلم، الزکاة، حدیث:2343(1014)، وفتح الباري:355/3))