تشریح:
(1) اس حدیث کی عنوان سے مطابقت بایں طور ہے کہ اس عورت نے ایک کھجور کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا اور پھر ایک ایک حصہ ہر بیٹی کو دے دیا۔ اور حضرت عائشہ ؓ کا کردار بھی عنوان کے عین مطابق ہے کہ انہیں جو کچھ بھی میسر تھا، اسے اللہ کی راہ میں خرچ کر دیا، نیز مذکورہ فرمان باری تعالیٰ کے بھی مناسب ہے کہ ’’وہ مشقت کی کمائی سے خرچ کرتے ہیں۔‘‘ (التوبة:79:9) (2) اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ سیدہ عائشہ ؓ صدقہ و خیرات دینے میں بہت حریص تھیں، کیونکہ انہیں رسول اللہ ﷺ نے وصیت فرمائی تھی کہ تمہارے پاس اگر کوئی سائل آئے تو اسے خالی ہاتھ واپس نہیں کرنا، اگرچہ اسے کھجور کا کچھ حصہ ہی کیوں نہ دینا پڑے۔ (فتح الباري:358/3) (3) اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ چھوٹی بچیوں پر خرچ کرنا اور ان کی خبر گیری کرنا ایک ایسا عمل ہے جو جہنم کی آگ سے نجات کا باعث ہے، اس لیے ہمیں اس پہلو پر بھی غور کرنا چاہیے۔ (عمدةالقاري:382/6)