تشریح:
(1) حضرت ابو ہریرہ ؓ سے مروی پہلی حدیث میں مسکین کی تعریف کی گئی ہے، اس تعریف سے غنا کا مفہوم اخذ کیا جا سکتا ہے، ہمارے نزدیک غنا کی تین اقسام ہیں: ٭ وہ انسان غنی ہے جو نصاب کا مالک ہو اور اس پر زکاۃ ادا کرنا ضروری ہو، رسول اللہ ﷺ نے حضرت معاذ ؓ سے فرمایا تھا کہ یمن کے غنی حضرات سے زکاۃ وصول کی جائے اور ان کے فقیروں پر تقسیم کر دی جائے۔ ٭ وہ انسان جو صاحب نصاب تو نہ ہو لیکن اس کے پاس اتنا مال ہو کہ اس کے لیے زکاۃ لینا حرام ہو۔ ٭ وہ انسان جس کے پاس اتنا مال موجود ہو کہ اس کے لیے لوگوں سے سوال کرنا حرام ہو، اس کے لیے ضروری ہے کہ اس کے پاس ایک دن اور رات کا کھانا موجود ہو اور اتنا کپڑا بھی موجود ہو جس سے وہ ستر پوشی کر سکے۔ (2) حضرت ابو ہریرہ ؓ کی دوسری حدیث سے کسب حلال کے لیے محنت ومزدوری کرنا ثابت ہے۔ اگر کسی انسان کے پاس اس قدر وسائل ہیں کہ وہ انہیں استعمال میں لا کر گزر اوقات کر سکتا ہے تو اسے بھی غنی کہا جا سکتا ہے اور ایسے شخص پر بھی لوگوں سے سوال کرنا حرام ہے، چنانچہ حدیث میں ہے کہ کسی مالدار، صحیح و سلامت اعضاء والے طاقت ور کے لیے زکاۃ جائز نہیں، ایک دوسری روایت میں ہے کہ مالدار، صحت مند اور کمانے والے آدمی کے لیے زکاۃ میں کوئی حصہ نہیں۔ (مسندأحمد:164/2) (3) واضح رہے کہ پانچ قسم کے مالدار افراد کے لیے صدقہ جائز ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مالدار شخص کے لیے پانچ صورتوں کے علاوہ صدقہ حلال نہیں: ٭ زکاۃ کا مال اکٹھا کرنے کی صورت میں۔ ٭ وہ شخص جو اپنے مال سے صدقے کی کوئی چیز خریدے۔ ٭ جو مالدار مقروض ہو جائے۔ ٭ فی سبیل اللہ جہاد کرنے والا۔ ٭ مسکین پر جو چیز صدقہ کی گئی، وہ کسی مالدار کو تحفہ دے دے۔ (مسندأحمد:56/3)