تشریح:
(1) اس پر امام بخاری ؒ نے ایک عنوان ان الفاظ سے قائم کیا ہے: ’’حکمرانوں کو اپنے عمال کا محاسبہ کرنا چاہیے۔‘‘ پھر اس حدیث کو تفصیل سے بیان کیا ہے کہ ابن لتیبہ جب مال وصول کر کے رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا تو اس نے کہا کہ یہ زکاۃ ہے اور یہ مجھے ہدیہ میں ملا ہے، اس پر آپ ﷺ نے فرمایا: ’’تو اگر اپنے گھر بیٹھا رہتا تو پھر پتہ چلتا کہ تیرے پاس ہدیہ اور نذرانہ کیسے آتا ہے؟‘‘ اس کے بعد آپ نے عام خطبہ ارشاد فرمایا اور اس میں اس غلط تاویل کو برسرعام بیان کیا تاکہ دوسروں کو عبرت ہو۔ (صحیح البخاري، الأحکام، باب:41، حدیث:7197) (2) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ زکاۃ کی وصولی کے لیے تحصیل دار مقرر کیا جا سکتا ہے اور اسے طے شدہ معاوضہ دینے میں کوئی حرج نہیں اور اس کا محاسبہ کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں کیونکہ ایسا کرنے سے وہ خیانت سے باز رہے گا۔ (3) مدارس کے سفیر جو وصول شدہ چندے سے خاص شرح فیصد حق الخدمت وصول کرتے ہیں، ایسا کرنا مجہول اجرت کے ضمن میں آتا ہے جسے محل نظر قرار دینا مناسب ہے۔ ممکن ہے کہ عامل مذکور نے مال زکاۃ سے اپنے مصارف پر کچھ خرچ کیا ہو، اس بنا پر رسول اللہ ﷺ نے وصول کردہ زکاۃ اور اخراجات کا اس سے حساب لیا ہو۔ (فتح الباري:461/3) ابن سعد نے اس کا نام عبداللہ بتایا ہے جو ایک قبیلے بنو لتب کی طرف منسوب تھا۔