تشریح:
(1) وادی عقیق مدینہ منورہ سے چھ میل کے فاصلے پر بقیع کے قریب ہے۔ کہتے ہیں کہ یمن کا بادشاہ تُبع جب مدینہ منورہ سے واپس ہوا تو اس وادی میں پڑاؤ کیا۔ اس کی زرخیزی، شادابی اور محل وقوع کو دیکھ کر کہنے لگا: یہ تو کرہ ارض کا عقیق معلوم ہوتا ہے۔ اس وقت سے اس کا نام وادی عقیق ہے۔ (2) واضح رہے کہ عقیق نامی ایک وادی مکہ مکرمہ میں بھی ہے لیکن اس سے مراد وہ وادی ہے جو مدینہ منورہ میں ذوالحلیفہ کے پاس ہے۔ (3) ایام حج میں عمرہ کرنا قبل از اسلام سخت معیوب خیال کیا جاتا تھا۔ اسلام نے اس غلط خیال کی اصلاح کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایام حج میں عمرہ کرنا جائز ہی نہیں بلکہ افضل ہے جیسا کہ حج تمتع اور حج قران میں کیا جاتا ہے۔ واللہ أعلم