تشریح:
(1) حضرت علی ؓ نے حج قران کا احرام باندھا جبکہ ان کا حضرت عثمان ؓ سے اختلاف حج تمتع کے متعلق تھا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ حضرت عثمان ؓ حج تمتع اور قران دونوں سے منع کرتے تھے جیسا کہ حدیث: 1563 میں ہے۔ (2) حضرت عثمان ؓ اس لیے منع کرتے تھے کہیں لوگ حج افراد کو نظر انداز نہ کر دیں، یعنی ان کا اختلاف جواز یا عدم جواز کے متعلق نہیں تھا بلکہ افضل اور غیر افضل کے بارے میں تھا۔ ایک روایت میں یہ اضافہ ہے کہ حضرت عثمان ؓ نے حج تمتع سے منع کیا لیکن جب حضرت على ؓ اور آپ کے ساتھیوں نے عمرے کا احرام باندھا تو حضرت عثمان ؓ نے انہیں منع نہ کیا۔ حضرت علی ؓ نے انہیں کہا: کیا آپ کو علم ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے تمتع کیا تھا؟ حضرت عثمان ؓ نے فرمایا: ہاں، مجھے علم ہے لیکن اس وقت ہم خوفزدہ تھے۔ (صحیح مسلم، الحج، حدیث:2962 (1223))