تشریح:
(1) وادی ذی طویٰ مکہ مکرمہ کے قریب ایک مشہور مقام ہے۔ رسول اللہ ﷺ جب حج کرنے کے لیے تشریف لائے تو رات اسی وادی میں بسر فرمائی، صبح کی نماز کے بعد مکہ مکرمہ میں داخل ہوئے۔ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ دن کے وقت مکہ مکرمہ میں داخل ہوئے تھے جبکہ عنوان میں رات کے وقت داخل ہونے کا بھی ذکر ہے۔ دراصل امام بخاری ؒ نے اپنے عنوان سے اس حدیث کی طرف اشارہ کیا ہے جس میں رسول اللہ ﷺ کے رات کے وقت مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کا ذکر ہے، چنانچہ عمرہ جعرانه میں آپ رات کے وقت مکہ مکرمہ میں داخل ہوئے تھے اور اسی وقت عمرہ کر کے رات ہی کو واپس تشریف لے گئے تھے۔ اور اس حدیث پر امام نسائی ؒ نے بایں الفاظ عنوان قائم کیا ہے: (دخول مكة ليلا) ’’مکہ مکرمہ میں رات کے وقت داخل ہونا۔‘‘ (2) رسول اللہ ﷺ امام و مقتدیٰ تھے اور آپ کے اعمال و افعال لوگوں کے لیے نمونہ تھے، اس لیے حجۃ الوداع کے موقع پر آپ دن کے وقت داخل ہوئے تاکہ لوگ آپ کے اعمال حج کو دیکھیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی شخص ایسا ہے جو لوگوں کے لیے نمونے کی حیثیت رکھتا ہے تو اسے دن کے وقت مکہ مکرمہ داخل ہونا بہتر ہے تاکہ ریا کاری اور نمود ونمائش سے احتراز ہو۔ (فتح الباری:550/3)