تشریح:
(1) امام بخاری ؒ نے اس روایت سے اس طرح عنوان ثابت کیا ہے کہ حضرت عمر ؓ کے فرمان کے مطابق رسول اللہ ﷺ نے قربانی ذبح کرنے سے پہلے احرام نہیں کھولا۔ اس سے معلوم ہوا کہ قربانی حلق کرنے سے پہلے ہے کیونکہ اگر بال منڈوا دیے ہوتے تو آپ پر احرام کی پابندی ختم ہو جانی تھی لیکن احرام کی پابندی کو قربانی ذبح کرنے تک برقرار رکھا گیا ہے۔ اصل ترتیب یہی ہے کہ قربانی، سر منڈوانے سے پہلے کی جائے، قربانی سے پہلے سر منڈوانا تو ایک رخصت ہے۔ (فتح الباري:707/3) (2) حضرت عمر ؓ نے قرآنی آیت اور حدیث نبوی سے تمتع کے عدم جواز پر دلیل لی ہے۔ اس کی تفصیل ہم پہلے بیان کر آئے ہیں کہ حج کو فسخ کر کے عمرہ کرنا آیت کریمہ کے خلاف نہیں کیونکہ اس کے بعد حج کا احرام باندھ کر اسے پورا کیا جاتا ہے۔ اور حدیث نبوی سے استدلال بھی محل نظر ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنی قربانی ساتھ لائے تھے اور جو شخص قربانی ساتھ لے کر آئے اس کے لیے قربانی ذبح ہونے تک احرام کھولنا جائز نہیں لیکن یہ کلام اس شخص سے متعلق ہے جو قربانی ساتھ لے کر نہ آیا ہو۔ واللہ أعلم