تشریح:
(1) رات کے وقت اچانک گھر آنے سے اس لیے منع فرمایا کہ مبادا انسان اپنے اہل خانہ میں کوئی ایسی ناگوار چیز دیکھے جو باہمی نفرت و کدورت کا باعث ہو۔ (2) اس ممانعت کا پس منظر یوں ہے: حضرت جابر ؓ کا بیان ہے: ہم ایک جنگ سے واپس ہوئے تو رات کے وقت ہم اپنے گھر جانے کے لیے جلدی کرنے لگے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’ایسا مت کرو۔ اہل خانہ کو پہلے مطلع کرو تاکہ پراگندہ بالوں والی کنگھی کرے اور زائد بالوں کی صفائی کرے۔‘‘ (صحیح البخاري، النکاح، حدیث:5247) ہم اس حدیث پر کتاب النکاح، حدیث: 5243 میں مفصل گفتگو کریں گے۔ بإذن الله