تشریح:
(1) جس شخص نے بھول کر یا نادانستہ طور پر بحالت احرام قمیص پہن لی تو اس پر فدیہ ہو گا یا نہیں؟ مذکورہ حدیث میں فدیہ نہ ہونے کے متعلق کوئی حکم نہیں، البتہ امام بخاری ؒ نے اپنے رجحان کے پیش نظر حضرت عطاء کا قول پیش کیا ہے کہ ایسے انسان پر کوئی فدیہ نہیں۔ چونکہ حضرت عطاء اس حدیث کے راوی ہیں، لہذا اگر فدیہ لازم ہوتا تو کم از کم ان پر مخفی نہ رہتا۔ امام شافعی ؒ نے بھی یہی موقف اختیار کیا ہے جبکہ امام مالک ؒ کا موقف ہے کہ اگر اسی وقت قمیص اتار دے یا خوشبو دھو ڈالے تو کوئی کفارہ نہیں بصورت دیگر کفارہ دینا ہو گا۔ دلائل کے اعتبار سے امام بخاری ؒ کا مسلک راجح معلوم ہوتا ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے اس کو قمیص اتارنے اور خوشبو دھو ڈالنے کا حکم دیا، اس کے علاوہ کچھ نہیں کہا۔ (2) دوسری حدیث پہلی حدیث کا تتمہ ہے۔ اس کا عنوان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ اسے بالتبع ذکر کر دیا گیا ہے۔ اس کی تشریح ہم آئندہ کتاب الدیات میں کریں گے۔ بإذن الله