تشریح:
(1) مدینہ طیبہ کے کئی ایک نام ہیں جو اس کے شرف و منزلت پر دلالت کرتے ہیں: طابہ اور طیبہ، ان کا اشتقاق ایک ہی ہے کیونکہ اسے شرک و بدعت سے پاک قرار دیا گیا اور اس کی فضا اور آب و ہوا کو خوشگوار بنا دیا گیا ہے۔ اس کے چند ایک نام حسب ذیل ہیں: ٭المدينه٭المطيبه٭المسكينه٭الدار٭مجبورة٭منيرة٭مجبة٭محبوبة ٭قاصمه٭الإيمان۔ (فتح الباري:115/4) دیگر کتب تاریخ میں ان کے علاوہ بہت سے نام بیان کیے گئے ہیں۔ (2) بعض علماء نے یہ وجہ بیان کی ہے کہ مدینہ طیبہ میں رہنے والا اس کی مٹی اور دیواروں سے پاکیزہ خوشبو پاتا ہے۔ ہمارے نزدیک اس کی پاکیزگی یہ ہے کہ مسجد نبوی میں رسول اللہ ﷺ کے گھر اور منبر کے درمیانی خطے کو جنت کی کیاری قرار دیا گیا ہے، اس سے بڑھ کر اور خوشگواری کیا ہو سکتی ہے؟ (عمدةالقاري:578/7)