تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک میں مدینہ طیبہ کے اردگرد کوئی فصیل نہیں تھی اور نہ اس میں دروازے نصب تھے۔ اب مدینہ اور اہل مدینہ کی حفاظت کے لیے یہ کام شروع ہو چکا ہے۔ حکومت سعودیہ نے اس شہر کو جو رونق اور ترقی دی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اللہ تعالیٰ اس حکومت کو ہمیشہ قائم رکھے تاکہ دینی خدمات زیادہ سے زیادہ سرانجام دے سکے۔ (2) مدینہ طیبہ میں دجال کا خوف بھی داخل نہیں ہو گا تو وہ خود بطریق اولیٰ اس میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ اللہ تعالیٰ نے اہل مدینہ کی حفاظت کے لیے وہاں فرشتوں کو تعینات کیا ہو گا جو اسے مدینہ میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ اسی طرح رسول اللہ ﷺ کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ وہاں عام وبائی امراض، جیسے طاعون وغیرہ بھی نہیں آئیں گی۔ (3) مسیح دجال دو الفاظ سے مرکب ہے: مسیح اس لیے کہ اس کی ایک آنکھ مسخ ہو گی یا ساری زمین میں چکر لگائے گا، اور دجال اس بنا پر کہ وہ بہت بڑا مکار اور فریبی ہو گا۔ اللہ تعالیٰ اس سے ہمیں محفوظ رکھے۔ آمین