تشریح:
(1) حضرت ام سلمہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ؓ سال بھر کسی پورے مہینے کے نفلی روزے نہیں رکھتے تھے، صرف ماہ شعبان میں پورے مہینے کے روزے رکھتے اور اسے رمضان کے ساتھ ملا دیتے تھے۔ (مسندأحمد:311/6) اس روایت کا مطلب ہے کہ اس مہینے میں کثرت سے نفلی روزے رکھا کرتے تھے۔ صحیح مسلم میں ہے کہ آپ شعبان کے چند ایام کے علاوہ پورے مہینے کے روزے رکھتے تھے۔ (صحیح مسلم، الصیام، حدیث:2722(1156)) ایک روایت میں اس کی مزید وضاحت ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب سے مدینہ طیبہ تشریف لائے رمضان کے علاوہ کسی مہینے کے پورے روزے نہیں رکھتے تھے۔ (فتح الباري:272/4) بعض علماء نے ان روایات کے ظاہر سے استدلال کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ شعبان کے پورے مہینے کے روزے بھی رکھے جا سکتے ہیں۔ روایات میں اكثر شهر اور كل شهر کی تطبیق يوں ہے کہ کبھی آپ ﷺ پورے ماہ کے روزے رکھتے اور کبھی کچھ روزے ترک کر دیتے۔ جن روایات میں رمضان سے ایک دو دن قبل روزہ رکھنے کی ممانعت ہے تو وہ اس صورت میں ہے جب صرف دو تین روزے استقبال رمضان کے طور پر رکھے جائیں۔ (2) ایک روایت میں ہے کہ رمضان کے بعد سب سے افضل روزے ماہ شعبان کے ہیں۔ (جامع الترمذي، الزکاة، حدیث:663) لیکن یہ روایت ضعیف ہے۔ علامہ البانی ؒ نے اس روایت کو ناقابل حجت قرار دیا ہے۔ (إرواءالغلیل، حدیث:889) پھر یہ روایت صحیح مسلم کی ایک روایت کے معارض ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’رمضان کے بعد ماہ محرم کے روزے زیادہ فضیلت کے حامل ہیں۔‘‘ (فتح الباري:272/4) ماہ شعبان میں رسول اللہ ﷺ اس لیے کثرت سے روزے رکھتے تھے کہ اس مہینے میں اللہ کی طرف بندوں کے عمل اٹھائے جاتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’میں چاہتا ہوں میرے عمل جب اللہ کے حضور پیش ہوں تو میں بحالت روزہ ہوں۔‘‘ (مسندأحمد:201/5) واضح رہے کہ جس شخص کی پہلے سے روزہ رکھنے کی عادت نہیں وہ نصف شعبان کے بعد روزے نہ رکھے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جب نصف شعبان ہو جائے تو روزے نہ رکھو۔‘‘ (سنن أبي داود، الصوم، حدیث:2336) یعنی کوئی شخص شروع شعبان سے تو روزے نہیں رکھتا اور پندرہ دن گزرنے کے بعد روزے رکھنا شروع کر دیتا ہے تو ایسا کرنا جائز نہیں۔ البتہ اگر شروع شعبان سے روزے رکھتا ہے تو پھر جائز ہے۔ (3) آخری حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اعتدال کے ساتھ مناسب اوقات میں جو کام پابندی سے کیا جائے وہ پایۂ تکمیل تک پہنچ جاتا ہے وگرنہ دوڑ کر چلنے والا ہمیشہ ٹھوکر کھا کر گر پڑتا ہے۔ اعتدال کے ساتھ کام کرنے سے نفس میں پاکیزگی اور خود اعتمادی بھی پیدا ہوتی ہے۔