تشریح:
(1)جس طرح جھوٹی قسم اٹھانے سے سوداگر کو خیروبرکت سے محروم کردیا جاتا ہے ، اسی طرح سودی کاروبارکرنے والے کی برکت کواٹھالیا جاتا ہے،اگرچہ بظاہر سود لینے سے رقم زیادہ ہوجاتی ہے لیکن نتیجے کے لحاظ سے دنیاو آخرت میں نقصان ہوتا ہےجیسا کہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا" سود سے اگرچہ رقم زیادہ ہوجاتی ہے مگر اس کا نتیجہ اور انجام قلت ہے۔"( مسند احمد:1/424)(2(سود کے مال میں برکت نہیں ہوتی "مال حرام بودبہ جائے حرام رفت"والی بات بن جاتی ہے۔ویسے بھی جس معاشرے میں سود رائج ہوتا ہے وہاں غریب طبقے کی قوت خرید کم ہوتی ہے اور امیر طبقےکی تعداد قلیل ہونے کی وجہ سے گردش دولت کی رفتار بہت مست ہوجاتی ہے جس سے معاشی بحران پیدا ہوتے ہیں،امیر اور غریب میں طبقاتی جنگ شروع ہوجاتی ہے۔بعض دفعہ غریب طبقہ تنگ آکر امیروں کو لوٹنا شروع کردیتا ہے۔آقا اور مزدور میں کشیدگی پیدا ہونے سے بہت سے مہلک نتائج پیدا ہوسکتے ہیں۔ بہرحال سود کا انجام انتہائی گھناؤنا اور خطرناک ہے۔