تشریح:
(1) اس حدیث میں تین قسم کی بیوع سے منع کیا گیا ہے: پہلی یہ کہ کھجور پر لگی ہوئی کھجوروں کو ناپ کر خشک کھجور کے عوض فروخت کرنا۔ اسے مزابنہ کہتے ہیں۔ دوسری یہ کہ بیل پر لگے ہوئے انگوروں کو ناپ کے حساب سے منقی کے عوض فروخت کرنا۔ اسے بھی مزابنہ کہا جاتا ہے۔تیسری یہ کہ کھڑی کھیتی کو غلے کے عوض ناپ کے حساب سے بیچنا۔اسے محاقلہ کہتے ہیں۔ یہ بھی جائز نہیں۔ان سب میں قدر مشترک یہ ہے کہ ایک معلوم چیز کے عوض مجہول کو فروخت کرنا ہے۔ (2) حافظ ابن حجر ؒ نے ابن بطال کے حوالے سے علماء کا اجماع نقل کیا ہے کہ کھیتی کو کاٹنے سے پہلے غلے کے عوض فروخت کرنا درست نہیں کیونکہ اس میں ہر دو کے لیے نقصان کا احتمال ہے۔ ایسے ہی کھیتی کاٹنے کے بعد تازہ بالیوں کو خشک غلے کے عوض فروخت کرنا بھی درست نہیں، البتہ احناف کہتے ہیں کہ پھل توڑ کر ڈھیری لگادی جائے تو اس میں چونکہ اندازہ ہوجاتا ہے، لہٰذا اس صورت میں خریدوفروخت کرنا جائز ہے لیکن اس سے صریح نص کی مخالفت لازم آتی ہے۔ (فتح الباري:510/4)