تشریح:
(1) بیع سلم میں نقدرقم کو رأس المال اور بیع کو مسلم کہتے ہیں، اس کی چند ایک شرائط ہیں:٭ ماپ یا تول یا گن کردی جانے والی چیزوں میں ماپ، وزن اور تعداد کا تعین ضروری ہے۔ ٭ جو چیز پیشگی قیمت کے عوض ادا کرنی ہے اس کی جنس بیان کی جائے،وہ گندم ہے یا جویاکھجور۔ ٭ اس کی نوعیت اور اوصاف بتانا بھی ضروری ہیں کہ کون سی گندم یا کس قسم کی کھجور دینی ہے۔ ٭ مدت ادائیگی طے کرلی جائے کہ ایک مہینہ یا دو مہینے میں ادائیگی ہوگی، یعنی تاریخ کا تعین بھی ضروری ہے۔ ٭اس بات کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ وہ چیز کس جگہ یا مقام پر ادا کی جائے گی۔ ٭رأس المال بھی پیشگی مسلم الیہ کے حوالے کردیا جائے۔ (2) حدیث میں صرف ایک شرط کا بیان ہے کہ کیلی یا وزنی اشیاء کا ماپ اور وزن معین کرنا ضروری ہے، اگر وزن اور ماپ مقرر نہ کیا جائے تو بہت سے مفاسد پیدا ہوسکتے ہیں۔