تشریح:
(1) اس حدیث میں اصل سے مراد ’’ آئندہ ادا کی جانے والی چیز‘‘ کی اصل ہے،چنانچہ گندم کی اصل کھیتی ہے اور پھلوں کی اصل درخت ہیں۔ مطلب یہ ہے کہ بیع سلم میں کوئی شخص یہ شرط نہ لگائے کہ جس شخص سے معاملہ کیا جارہا ہے وہ مطلوبہ چیز کے ذرائع بھی رکھتا ہو،مثلاً: یہ ضروری نہیں کہ جن لوگوں سے انڈے لینے کا معاملہ کیاجارہا ہے ان کے پاس کوئی پولٹری فارم ہویا گندم کا معاملہ صرف کھیتی یا مالکان زمین سے ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے کہ کسی کے پاس ایک مرغی یا گندم کا ایک پودا بھی نہ ہو لیکن وہ ہزاروں درجن انڈے یا ہزاروں من گندم فراہم کرسکتا ہو۔ (2) اس میں یہ اعتراض ہوسکتا ہے کہ اس بیع میں دھوکا ممکن ہے، اس لیے کہ جب ذریعہ ہی نہیں تو کہاں سے فراہم ہوں گے، اس حدیث میں اسی اعتراض کا جواب دیا گیا۔