تشریح:
امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے بوقت ضرورت مشرک کو مزدور رکھنے کا جواز ثابت کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ اور سیدنا ابو بکر ؓ کو جب کوئی مسلمان رہنما نہ ملا تو انھوں نے مشرک کو بطور رہبر ساتھ رکھا۔ اسی طرح خیبر کی زمین کو آباد رکھنے کےلیے جب ماہر مسلمان نہ ملے تو یہود خیبر سے معاملہ طے کیا گیا۔ امام بخاری ؒ کے ترجمۃ الباب سے معلوم ہوتا ہے کہ مشرک سے بلا ضرورت مزدوری نہیں کروانی چاہیے جبکہ ذکر کردہ احادیث میں ایسی کوئی بات نہیں ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اگر چہ ان احادیث میں مشرک سے مزدوری نہ کرانے کی صراحت نہیں ہے لیکن شاید امام بخاری ؒ کے پیش نظر ایک دوسری حدیث ہے جس میں ہے کہ ہم مشرک سے تعاون نہیں لیتے، اس طرح انھوں نے دونوں احادیث میں تطبیق کی صورت پیدا کی ہے کہ بوقت ضرورت مشرک کو اجیر بنایا جاسکتا ہے، تاہم مسلمان کو ترجیح دی جائے۔ لیکن عام فقہاء کا موقف ہے کہ مشرک سے ہر وقت مزدوری کرائی جاسکتی ہے کیونکہ اس سے مزدوری لینے میں اس کی ذلت ہے، البتہ مسلمان کو چاہیے کہ وہ کسی مشرک کا اجیر نہ بنے کیونکہ اس میں مسلمان کی توہین ہے۔ (فتح الباري:559/4) مقام غور ہے کہ اس وقت مشرکین بھی اپنے عہد کی کس قدر پاسداری کرتے تھے کہ دشمن ہونے کے باوجود اس شخص نے کسی کو نہیں بتایا،حالانکہ کفار قریش نے رسول اللہ ﷺ کی گرفتاری پر بھاری انعام مقرر کررکھا تھا۔