تشریح:
(1) مزارعت کا معاملہ کرتے وقت جب مدت معین نہ ہو تو انصاف کا تقاضا ہے کہ فیصلہ باہمی رضا مندی سے ہو۔ اس میں کم از کم ایک سال کی مدت تو ہونی چاہیے تاکہ فصل کے درمیان کاشتکار کو بے دخل کر کے اسے نقصان نہ پہنچایا جائے، اسے فصل کی تیاری تک ضرور مہلت دینی چاہیے۔ (2) حضرت عمر ؓ نے یہود کو اس لیے بے دخل کیا تھا کہ رسول اللہ ﷺ کی آخری وصیت تھی کہ یہود کو جزیرۂ عرب سے نکال دیا جائے، چنانچہ جب ان کی شرارتیں اور خباثتیں انتہا کو پہنچ گئیں تو حضرت عمر ؓ نے انہیں نکال باہر کیا، لہذا حضرت عمر کا یہ اقدام کسی پیشگی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں تھا۔ وقتی طور پر انہیں جلا وطن کرنے کا سبب یہ بنا کہ حضرت ابن عمر ؓ اپنے باغات کی دیکھ بھال کے لیے خیبر گئے تو ان کے ہاتھ پاؤں توڑ دیے گئے۔ حضرت عمر ؓ کو جب اس واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے فرمایا: یہود کے علاوہ ہمارا وہاں کوئی دشمن نہیں، ہمارے وہی دشمن ہیں، لہذا ہم ان کے علاوہ اور کسی کو مہتم نہیں کرتے، اس لیے میری رائے ہے کہ اب انہیں جلا وطن کر دیا جائے۔ (صحیح البخاري، الشروط، حدیث:2730) (3) امام بخاری ؒ کے قائم کردہ عنوان میں یہ الفاظ ہیں: ’’میں تمہیں اس وقت تک رہنے دوں گا جب تک اللہ تمہیں رہنے دے گا۔‘‘ جبکہ حدیث میں ہے کہ جب تک ہم تمہیں رکھیں گے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ حدیث، عنوان کے مطابق نہیں جیسا کہ بعض بزعم خویش اہل علم نے دعویٰ کیا ہے بلکہ یہ امام صاحب کی ذہانت اور جودتِ طبع کا نتیجہ ہے۔ دراصل امام بخاری نے مذکورہ عنوان سے اس روایت کی طرف اشارہ کیا ہے جو انہوں نے کتاب الشروط (حدیث: 2730) میں بیان کی ہے۔ اس میں یہ الفاظ ہیں: ’’جب تک تمہیں اللہ رہنے دے گا۔‘‘ اور اس مقام پر بیان کردہ حدیث پر بایں الفاظ عنوان قائم کیا ہے: ’’جب معاملہ مزارعت میں شرط کی جائے کہ جب چاہوں گا تجھے نکال دوں گا۔‘‘ بہرحال ہر عنوان میں ہر حدیث کو ملحوظ رکھ کر ایک کی دوسرے سے تفسیر کی ہے۔ مطلب یہ ہے کہ مدت باہمی رضا مندی سے طے ہو گی، نیز یہود کا اخراج مشیت الٰہی کے مطابق تھا۔ واللہ أعلم