تشریح:
(1) حضرت رافع بن خدیج ؓ مطلق طور پر زمین بٹائی پر دینے سے منع کرتے تھے اور عبداللہ بن عمر ؓ اس موقف کو تسلیم نہیں کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک مخصوص صورت سے منع فرمایا تھا کیونکہ مخصوص رقبے کی پیداوار کے عوض زمین دی جاتی تھی، اس میں نقصان اور دھوکا تھا کیونکہ ادھر پیداوار ہوتی اور دوسری طرف آفت کا شکار ہو جاتی اور کبھی اس کے برعکس ہوتا تھا جس کی وجہ سے لوگوں میں جھگڑا ہوتا رہتا۔ کبھی تو زمین کا مالک پیداوار سے محروم رہتا۔ اور کبھی مزارع کو نقصان اٹھانا پڑتا، اس سے چوتھائی، تہائی یا نصف پیداوار کے عوض بٹائی پر دینے کی ممانعت نہیں۔ (2) امام بخاری ؒ نے حضرت رافع بن خدیج ؓ کی حدیث کی وضاحت کے لیے حضرت سالم ؒ کی حدیث ذکر کی ہے۔ سیدنا عبداللہ بن عمر ؓ پرہیزگار شخص تھے۔ ایک طویل مدت تک ان کا عمل جس بات پر رہا اس کے متعلق انہیں شبہ لاحق ہو گیا۔ آخرکار انہوں نے حضرت رافع بن خدیج ؓ کی معلومات پر عمل کیا اور احتیاط کے خیال سے زمین کرائے پر دینا ترک کر دی۔ بہرحال قانون الگ ہے اور ایثار و ہمدردی کا پہلو الگ حیثیت رکھتا ہے۔ (3) حضرت رافع بن خدیج ؓ کی معلومات کو قانون کی حیثیت نہیں دی جا سکتی بلکہ ان سے احسان اور ایثار کا پہلو اجاگر ہوتا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی زمین بطور ہمدردی کاشت کے لیے اپنے کسی بھائی کو دے دے تو رسول اللہ ﷺ نے اس طرز عمل کی شاندار الفاظ سے حوصلہ افزائی فرمائی ہے۔ امام بخاری ؒ کا اس عنوان اور پیش کردہ احادیث سے یہی مقصد معلوم ہوتا ہے۔ واللہ أعلم