اس خون کا رنگ توخون جیسا ہو گا۔ مگر خوشبو کستوری کی طرح ہوگی۔ حافظ ابن حجر ؒ نے اس جملے کا مطلب یہ لکھا ہے کہ قیامت کے دن شہیدوں کے زخم اور ان سے بہتا ہوا خون تمام اہل محشر کو دکھایا جائے گا تاکہ ان کی فضیلت اور ظالموں کا ظلم سب پر عیاں ہوجائے اور ان کے خون سے مشک کی طرح خوشبو مہکنے کا فائدہ یہ ہوگا کہ تمام اہل موقف ان کی عظمت کو جان لیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ شریعت نے شہداء کےزخموں سے خون صاف کرنے کی ممانعت کردی ہے، بلکہ انھیں اسی حالت میں دفن کرنے کی تلقین کی ہے۔ (فتح الباري:448/1)
2۔ بظاہر اس حدیث کی عنوان سے کوئی مناسبت معلوم نہیں ہوتی تو پھر امام بخاری ؒ اس حدیث کو یہاں کیوں لائے ہیں کیونکہ یہ حدیث خون کی طہارت ونجاست کے لیے نہیں بلکہ اللہ کی راہ میں زخمی ہونے والوں کی فضیلت بیان کرنے کے لیے لائی گئی ہے، اس بنا پر توجیہ مناسبت میں شارحین کے متعدد اقوال ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ امام بخاری درجہ اجتہاد پر فائز ہیں اور کسی کی تقلید نہیں کرتے، وہ خود اپنے فہم وعلم کے مطابق شرعی نصوص سے استنباط کرتے ہیں۔ انھیں کسی موافقت یا مخالفت سے کوئی غرض نہیں، بلکہ وہ تو اتباع نصوص کے خوگر ہیں۔ چونکہ ان کے مختارات فقہیہ کو جمع نہیں کیا گیا،اس لیے ان کے قائم کردہ عنوانوں پر کھینچ تان رہتی ہے، ہر ایک انھیں اپنے موافق کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن ان کوششوں کا حاصل کچھ نہیں ہوتا۔ کسی شاعر نے خوب کہا ہے:وكل يدَّعي وصلاً بليلى .... وليلى لا تقر لهم بذاك....
اس حدیث کی عنوان سے مطابقت کی بابت حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ امام بخاری ؒ کا مقصد اپنے موقف کی تائید کرنا ہے کہ پانی محض نجاست کے مل جانے سے نجس نہیں ہوتا جب تک اس میں تغیر نہ آجائے۔ یہ اس لیے کہ صفت کے بدلنے سے موصوف پر اثر ہوتا ہے، جس طرح خون کی ایک صفت بو والی، خوشبو میں بدل جانے سے اس کو خاص اہمیت حاصل ہوگئی اور ذم کے بجائے اس میں مدح کا پہلو پیدا ہوگیا، اسی طرح پانی کی کوئی صفت اگرنجاست کی وجہ سے بدل جائے تو اس کی طہارت کا حکم بدل کر نجاست کا حکم آجائے گا اورجب تک تغیر نہیں ہوگا نجاست نہیں آئےگی۔ (فتح الباري:449/1) بشرطیکہ دو قُلے یا اس سے زیادہ ہو۔ قلتین سے مراد پانچ حجازی مشکیں ہیں، جو پانچ سو رطل کے قریب ہے۔ (تحفة الأحوذي:71/1) موجودہ اعشاری وزن 197 کلو گرام ہے۔