تشریح:
(1) اس حدیث میں گھوڑے کا نہر کے پاس سے گزرنے اور وہاں سے پانی پینے کا ذکر ہے، اگر اس کے مالک کی گھوڑے کو پانی پلانے کی نیت نہ ہو تو بھی اسے اجروثواب ملے گا اور اگر اسے پانی پلانے کا ارادہ اور نیت ہو تو بالاولیٰ ثواب کا حق دار ہو گا۔ جب رسول اللہ ﷺ سے گدھوں کے متعلق سوال ہوا کہ ان کا حکم بھی گھوڑوں جیسا ہے تو آپ نے فرمایا: ’’اگر ان سے خیر مطلوب ہے تو اس کی جزا دیکھ لے گا اور قیامت کے دن اسے ثواب ملے گا بصورت دیگر عقاب و سزا کا حق دار ہو گا۔‘‘ (2) امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ جو نہریں راستے پر واقع ہوں، ان میں سے آدمی اور حیوانات پانی پی سکتے ہیں۔ وہ کسی کے لیے خاص نہیں ہو سکتیں، اور نہ ان کے متعلق کوئی حق ملکیت کا دعویٰ ہی کر سکتا ہے۔