تشریح:
(1) حضرت ابن عباس ؓ سے مروی ایک حدیث ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جب میرے پاس رقم نہیں ہو گی تو میں کسی قسم کی خریدوفروخت نہیں کروں گا۔‘‘ (سنن أبي داود، البیوع، حدیث:3344) امام بخاری ؒ نے مذکورہ عنوان اور پیش کردہ احادیث سے اس حدیث کے کمزور ہونے کی طرف اشارہ کیا ہے۔ (2) قیمت نہ ہونے کی دو صورتیں ہیں: ٭ رقم بالکل موجود نہ ہو، جیب میں بھی نہیں اور گھر میں بھی موجود نہیں۔ ایسی صورت میں بھی اشیائے ضرورت خریدی جا سکتی ہیں جیسا کہ دوسری حدیث سے معلوم ہوتا ہے۔ ٭ وقتی طور پر رقم موجود نہ ہو تو بھی خریدوفروخت کرنے میں کوئی حرج نہیں جیسا کہ پہلی حدیث سے پتہ چلتا ہے، البتہ جس نے کوئی چیز خریدی لیکن قیمت ادا کرنے کا ارادہ نہیں بلکہ نیت میں فتور ہے تو ایسے شخص کے لیے خریدوفروخت درست نہیں جیسا کہ آئندہ عنوان سے پتہ چلتا ہے۔