تشریح:
(1) حدیث میں جن مظالم کا ذکر ہے اس سے مراد وہ مظالم ہوں گے جو ان کی تمام نیکیوں کو فنا نہیں کریں گے یا ایسے مظالم جن کا تعلق بدن کے بدلے سے چکایا جائے گا جیسا کہ انہوں نے ایک دوسرے کو تھپڑ وغیرہ مارے ہوں گے، ان کا بدلہ لیا جائے گا۔ (2) اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ قیامت کے دن دو پُل ہوں گے: ایک پُل صراط جو جہنم پر ہو گا اور دوسرا وہ پُل جس کا اس حدیث میں ذکر ہے، وہ جنت اور دوزخ کے درمیان ہو گا۔ ممکن ہے کہ ایک ہی پُل ہو، اس کا ابتدائی حصہ جہنم کے ادھر ہو اور اس کا آخری حصہ جنت کے قریب ہو۔ واللہ أعلم۔ بہرحال اس سے مراد وہ لوگ ہوں گے جو دنیا میں دوسروں پر ظلم کرتے رہے۔ ایسے لوگوں کے ذاتی گناہ تو دوزخ کی آگ میں جلا کر ختم کیے جائیں گے لیکن بندوں سے متعلقہ گناہوں کا قصاص لیا جائے گا۔ جب وہ معاملات نمٹا لیں گے تو انہیں جنت میں داخلے کی اجازت ملے گی۔ امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ ظلم و زیادتی کی تلافی اگر دنیا میں نہ کی گئی تو قیامت کے دن بدلہ لے کر کی جائے گی۔