تشریح:
(1) جہاں کوڑا کرکٹ پھینکا جاتا ہے اسے عوامی حیثیت حاصل ہوتی ہے، خواہ وہ کسی کی ذاتی ملکیت ہو۔ جہاں گندگی اور دوسری فضول اشیاء پھینکی جاتی ہیں وہاں پیشاب کرنے کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں اور نہ ایسا کرنا اجازت کے بغیر تصرف ہی ہے۔ ایسے مقامات کو استعمال کرنے کے لیے عرفی اجازت ہی کافی ہے کیونکہ ایسی جگہیں پیشاب اور کوڑے کرکٹ کے لیے ہی بنائی جاتی ہیں، نیز ایسی چیزوں کے متعلق لڑنا جھگڑنا درست نہیں۔ (2) کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کی مختلف توجیہات پہلے بیان ہو چکی ہیں، ممکن ہے کہ کوڑے اور نجاست میں بیٹھنے کی جگہ نہ ہو، اس طرح کی ضرورت کے پیش نظر کھڑے ہو کر پیشاب کیا جا سکتا ہے لیکن اسے عادت بنا لینا صحیح نہیں۔