تشریح:
(1) امام بخاری ؒ کے قائم کردہ عنوان سے بعض حضرات نے یہ مسئلہ کشید کیا ہے کہ نکاح کے موقع پر چھوہاروں کی لوٹ کھسوٹ جائز ہے، حالانکہ ایسا کرنا انسانی وقار کے خلاف ہے اور دینِ اسلام میں وقار کا بھی ایک مقام ہے۔ اس کے جواز میں ایک روایت بھی پیش کی جاتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے لشکروں کو لوٹ مار سے منع کیا اور شادی بیاہ کے موقع پر اس کی اجازت دی ہے، اس کی سند کے متعلق امام بیہقی ؒ نے کہا ہے کہ اس کی سند میں عون اور عصمہ دو راوی ناقابل اعتبار ہیں۔ (عمدة القاري:237/9) اس بنا پر یہ حدیث ناقابل استدلال ہے۔ شادی بیاہ کے موقع پر اگر چھوہارے، بادام اور ٹافیاں وغیرہ کھلانی ہوں تو باعزت طریقے سے تقسیم کرنی چاہئیں، لیکن اسے سنت کا درجہ دینا محل نظر ہے۔ (2) جنگ یا لڑائی کے موقع پر مقتول کی شکل و صورت بگاڑنے کا نام مثلہ ہے، اس طرح کہ اس کے کان، ناک وغیرہ کاٹ دیے جائیں۔ رسول اللہ ﷺ نے کافر دشمن سے بھی سلوک ایسا کرنے سے منع فرمایا، البتہ قصاصاً مثلے کا جواز ہے۔