تشریح:
(1) مذکورہ عنوان دو اجزاء پر مشتمل ہے: ٭ اگر کسی نے اپنے غلام سے کہا: وہ اللہ کے لیے ہے اور اس نے غلام آزاد کرنے کی نیت کی ہو تو غلام آزاد ہو جائے گا۔ ٭ دوسرا غلام آزاد کرنے میں گواہی کا ذکر ہے۔ مذکورہ احادیث میں ان دونوں باتوں کا ثبوت ملتا ہے۔ اس پر تمام علماء کا اتفاق ہے کہ اگر کوئی شخص اپنے غلام سے کہے کہ وہ آزاد ہے یا اللہ کی رضا کے لیے اسے آزاد کیا یا وہ اللہ کے لیے ہے اور آزادی کی نیت کرے تو غلام آزاد ہو جائے گا بلکہ بات کرنے والے کی ہر بات جس سے آزادی کا مفہوم واضح ہو اس سے غلام آزاد ہو جاتا ہے۔ (2) امام بخاری ؒ کی غرض یہ ہے کہ اس قسم کے غیر صریح الفاظ استعمال کرنے سے اس وقت آزادی معتبر ہو گی جب بات کرنے والے کی نیت آزاد کرنے کی ہو گی اور اگر آزادی کی نیت نہیں ہے تو آزاد نہیں ہو گا، البتہ (هو حر) کے الفاظ آزادی کے لیے صریح ہیں، اس میں نیت کی ضرورت نہیں ہو گی بشرطیکہ بلا مقصد و ارادہ بے ساختہ زبان پر نہ آئے ہوں۔