تشریح:
(1) اس روایت کے پیش نظر رسول اللہ ﷺ نے خود اس خاتون سے منبر تیار کرنے کی فرمائش کی، گویا آپ نے اس عورت سے ہدیہ طلب کیا تھا۔ مسجد نبوی کی تعمیر کے بعد رسول اللہ ﷺ کھجور کے تنے کا سہارا لے کر خطبہ دیتے تھے۔ اس کے بعد باقاعدہ منبر کی ضرورت محسوس ہوئی تو آپ نے ایک خاتون کو پیغام بھیجا کہ اپنے بڑھئی ملازم سے ہمارے لیے منبر بنوا دیں، اس نے اپنے غلام کو یہ کام سونپا اور پھر منبر تیار کر کے مسجد میں رکھ دیا گیا۔ یہ مسجد نبوی کے پہلے منبر کی تاریخ ہے۔ (2) معلوم ہوا کہ منبر کی تاریخ قدم ہے۔ منبر پر چڑھ کر خطیب خطبہ دیتے اور شعراء بڑی شان سے قصیدے پڑھتے تھے۔ اس روایت میں اس عورت کو مہاجر کہا گیا ہے جبکہ بعض روایات میں اس کے انصار میں سے ہونے کا ذکر ہے۔ ممکن ہے کہ سکونت کی وجہ سے مہاجرین میں شمار ہوتا ہو اگرچہ وہ نسبت کے اعتبار سے انصاریہ تھی۔ واللہ أعلم